سید پرویز قیصر
نیوزی لینڈ اور اٖٖفغانستان کے درمیان واحد ٹسٹ میچ گریٹر نوئیڈا اسپورٹس کومپلکس میں پیر ( 9ستمبر) کو شروع ہونا تھا مگر کل رات کی بارش اور آج ہوئی بارش کی وجہ سے یہ ٹسٹ شروع نہیں ہوسکا۔ امپائروں نے کئی مرتبہ میدان کا معائنہ کر نے کے بعد پہلے دن کا کھیلا منسوخ کردیا۔ اب یہ ٹسٹ منگل سے شروع ہونے کے چانس ہیں۔
گریٹر نوئیڈا اسپورٹس کومپلکس میدان میں جب پہلا ٹسٹ شروع ہوگا تو وہ ٹسٹ میچ منٖعقد کرانے والا124 واں میدان ہوگا۔اس میدان جسکی گنجائش آٹھ ہزار ہے، ابھی تک پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچ اور چھ ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں کی میزبانی کرچکا ہے۔ یہ سبھی میچ آئیر لینڈ اور افغانستان کے درمیان کھیلے گئے ہیں۔
افغانستان نے ابھی تک جو نو ٹسٹ میچ کھیلے ہیں اس میں سے چاراس نے غیر جانب دار میدانوں پر کھیلے ہیں۔ اس نے متحدہ عرب امارات میںدو اور ہندوستان میں دو میچ کھیلے ہیں۔ہندوستان میں نیوزی لینڈ سے پہلے اس نے ویسٹ انڈیز کے خلاف لکھنو میں اور ائیرلینڈ کے خلاف دہرہ دون میں ٹسٹ میچ کھیلے تھے۔
گریٹر نوئیڈا ٹسٹ میچ منعقدہ کرانے والا پندرہواں غیر جانب دار میدان بنے گا۔ ہندوستان میں یہ ٹسٹ میچ کرانے والا30 واں میدان بنے گا۔ اس سے پہلے ہندوستان میں دو ٹسٹ دو غیر جانب دار میدانوں پر کھیلے گئے ہیں۔
اگر بات غیر جانب دار میدانوں پر ٹسٹ میچ کرانے کی کی جائے تو سب سے زیادہ ٹسٹ ابوظبہی کے شیخ زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ہیں۔ اس میدان پر ابھی تک پندرہ میچ ہوئے ہیں جس میں سے تیرہ ٹسٹ پاکستان نے کسی نہ کسی ٹیم کے خلاف کھیلے ہیں۔ افغانستان اور زمبابوے کے درمیان دو ٹسٹ میچوں کی سریز اس میدان پر مارچ 2021میں ہوئی تھی۔ دوبئی کرکٹ اسٹیڈیم کو ابھی تک13 غیر جانب دار ٹسٹ کرانے کا موقع ملا ہے جس میں سبھی میچ پاکستان نے کسی نہ کسی ٹیم کے خلاف کھیلے ہیں۔ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان نے مختلف ٹیموں کے خلاف نو ٹسٹ میچ کھیلے ہیں۔
ٹسٹ کرکٹ میں پہلا غیر جانب دار میدان مانچسٹر کا اولڈ ٹریفرڈ تھا جہاں جنوبی افریقہ اور آسڑیلیا کے درمیان مئی 1912میں سہ فریقی سریز کا ٹسٹ ہوا تھا۔ اس ٹورنامنٹ میں تیسری ٹیم میزبان انگلینڈ کی تھی۔ اس سہ فریقی سریز کا ایک اور میچ اگست1912میں میں جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان ٹرینٹ برج ، ناٹنگھم میں کھیلا گیا تھا۔ ان دو میدانوں کے بعد ایک لمبے عرصے تک کسی اور میدان نے غیر جانبدار ٹسٹ کی میزبانی نہیں کی۔
ایشیائی ٹسٹ چمپئین شب کا فائنل سری لنکا اور پاکستان کے درمیان مارچ 1999 میں ڈھاکہ کے بنگ بندھو اسٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا۔ بنگلہ دیش بنے کے بعد اس میدان پر ہونے والا یہ پہلا ٹسٹ میچ تھا۔ اس سے پہلے اس میدان پر جتنے بھی ٹسٹ میچ ہوئے تھے وہ پاکستان نے کسی نہ کسی ٹیم کے خلاف کھیلے تھے۔ بنگلہ دیش نے اس میدان پر ٹسٹ کا درجہ ملنے کے بعد ہندوستان کے خلاف اپنا پہلا ٹسٹ نومبر 2000 میں کھیلا تھا۔
ٹسٹ کرکٹ چمپین شپ کے ابھی تک دو فائنل کھیلے گئے ہیں اور یہ دونوں فائنل میچ نگلینڈ کے میدانوں پر ہوئے ہیں۔ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان فائنل ساوتھمپٹن میں جون 2021 میں ہواتھا جبکہ ہندوستان اور آسڑیلیا کے مابین فائنل اوول میں جون 2023میں کھیلا گیا تھا۔












