پٹنہ، (یواین آئی) بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی صدر نِتِن نبین سمیت قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے پانچوں امیدواروں نے آج راجیہ سبھا انتخابات میں کامیابی حاصل کی، جبکہ راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے امیدوار کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اسمبلی احاطے میں آج مکمل ہوئے ووٹنگ اور ووٹوں کی گنتی کے بعد این ڈی اے کے تمام پانچ امیدوار فاتح قرار دیے گئے۔ اس دوران این ڈی اے کے تمام 202 ارکان اسمبلی نے ووٹنگ میں حصہ لیا، جبکہ مہاگٹھ بندھن کے چار ارکان غیر حاضر رہے، جن میں کانگریس کے تین اور آر جے ڈی کے ایک رکن شامل ہیں۔ کل 239 ارکان اسمبلی نے اس بار اپنا ووٹ ڈالا۔ ووٹنگ کے لیے نہ پہنچنے والے کانگریس کے تین ارکان میں والمیکی نگر کے سورندر پرساد، فاربس گنج سے منوج وشواس اور منیہاری کے منوہر سنگھ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ آر جے ڈی کے رکن فیصل رحمان نے بھی ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ بہار میں آج مکمل ہوئے راجیہ سبھا انتخابات میں کل چھ امیدوار میدان میں تھے، جن میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے دو دو، راشٹریہ لوک مورچہ اور آر جے ڈی کے ایک ایک امیدوار شامل تھے۔












