سید پرویز قیصر
رانچی میں کھیلے گئے وجے ہزارے ٹرافی کے میچ میں اروناچل پردیش کے خلاف بہار کے بلے بازوں نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ50 اوور میں574 رن بنائے جو ایک روزہ کرکٹ میں کسی بھی ٹیم کا سب سے زیادہ اسکور ہے۔ بہار کی اننگ میں تین بلے بازوں نے سنچریاں بنائیں۔ ایک روزہ کرکٹ میں ایسا بہت کم دیکھنے کو ملا ہے جب ایک اننگ میں تین بلے باز سو سے بڑی اننگ کھیلنے میں کامیاب رہے ہیں۔ وبھو سوریہ ونشی نے84بالوں پر16 چوکوں اور15 چھکوں کی مدد سے 190 رن بنانے میں کامیاب رہے جبکہ بہارکے کپتان شاقب الغنی40 بالوں پر 10 چوکوں اور12 چھکوں کی مدد سے128 رن بناکر ناٹ آوٹ رہے۔وکٹ کیپر ایوش لوہاروکا 56 بالوں پر11 چوکوں اور8 چھکوں کی مدد سے116 رن بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ اروناچل پردیش کے سبھی کھلاڑی42.1 اوور میں177 رن بناکر آوٹ ہوئے جس کی وجہ سے اسے 397 رن سے شکست ہوئی جو ایک روزہ کرکٹ میں رنوں کے حساب سے دوسری سب سے بڑی جیت ہے۔
اس سے پہلے ایک روزہ کرکٹ میں سب سے بڑا اسکور بنانے کا ریکارڈ تامل نادو کے پاس تھا جس نے اروناچل پردیش کے خلاف بنگلور میں21 نومبر2022 کو ہوئے وجے ہزارے ٹرافی میچ میں50 اوور میں دو وکٹ پر506 رن بنائے تھے۔ تامل ناڈو ایک روزہ کرکٹ میں پانچ سو کاہندسہ عبور کرنے والی پہلی ٹیم تھی۔نارائین جگدیشن نے184 منٹ میں141 بالوں پر25 چوکوں اور 15 چھکوں کی مدد سے277 رن بنائے تھے جو ایک روزہ کرکٹ میں کسی بھی بلے باز کا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔ دوسرے افتتاحی بلے باز سائی سدھرسن نے170 منٹ میں102 بالوںپر19 چوکوں اور دوچھکوں کی مدد سے154 رن کی اننگ کھیلی تھی۔ اروناچل پرویش کے سبھی کھلاڑی28.4 اوور میں 71 رن بناکر آوٹ ہوئے جس کی وجہ سے تامل ناڈونے435 رن سے جیت حاصل کی جو ایک روزہ کرکٹ میں رنوں کے حساب سے سب سے بڑی جیت ہے۔
ایمسٹلویں میں17 جون2022 کو ہوئے میچ میں انگلینڈ نے نیدرلینڈس کے خلاف مقررہ50 اوور میں چار وکٹ پر 498 رن بنائے تھے جو ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ مین کسی بھی ٹیم کا سب سے زیادہ اور ایک روزہ کرکٹ میں تیسرا سب سے زیادہ اسکور ہے۔ انگلینڈ کی اننگ میںتین کھلاڑیوں نے سنچریاں اسکور کی تھیں۔ایساابھی تک چار مرتبہ ہوا ہے جب ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں ایک اننگ میں تین کھلاڑی سنچریاں بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔جوس بٹلر نے107 منٹ میں70 بالوں پر سات چوکوں اورچودہ چھکوں کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر 162 رن بنائے جبکہ ڈیوڈ میلان 206 منٹ میں109 بالوں پر نو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے125 رن بنانے میں کامیاب رہے۔فل سالٹ نے137 منٹ میں93 بالوں پرچودہ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے122 رن کی اننگ کھیلی۔ نیدر لینڈس کے سبھی کھلاڑی 49.4 اوور میں266 رن بناکر آوٹ ہوئے۔ انگلینڈ نے اس میچ میں232 رن سے جیت حاصل کی تھی۔
ایک روزہ کرکٹ میں ابھی تک صرف دو مرتبہ ایک اننگ میں پانچ سوسے زیادہ رن بنے ہیں اور دوسری مرتبہ ایسا ہندوستان میں ہوئے میچوں میں ہوا ہے۔ ایک سو پانچ مرتبہ ایک اننگ میں چار سو سے زیادہ رن بنے ہیں جس میں دو مرتبہ پانچ سو سے زیادہبنائے گئے رن بھی شامل ہیں۔












