ریاض، ( یو این آئی) برازیل سے تعلق رکھنے والی معروف خاتون فٹبالر اور سعودی کلب النصر کی اسٹار کھلاڑی کیتھلین سوزا نے دائرہ اسلام میں داخل ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے نہ صرف اسلام قبول کیا بلکہ حال ہی میں مکہ مکرمہ میں عمرہ ادا کرنے کی سعادت بھی حاصل کی، جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔سعودی فٹ بال کلب النصر نے باضابطہ طور پر اپنی کھلاڑی کے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ کلب نے اپنے آفیشل ایکس (ٹویٹر) اکاؤنٹ پر دعا کی کہ اللہ انہیں ثابت قدمی اور دل کا سکون عطا فرمائے۔اپنی قبولِ اسلام کی ویڈیو کے دوران 29 سالہ کیتھلین کافی جذباتی نظر آئیں اور ان کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔ اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا”میں صرف صحیح راستے کی تلاش میں تھی اور اپنی شخصیت کو مزید بہتر بنانا چاہتی تھی۔ یہ میری زندگی کا ایک بہت بڑا اور اہم موڑ ہے۔”کیتھلین سوزا کا تعلق برازیل کی ریاست ساؤ پاؤلو سے ہے اور وہ فٹبال کی دنیا میں ایک منجھی ہوئی کھلاڑی مانی جاتی ہیں۔ وہ میدان میں ‘سینٹرل بیک کے طور پر کھیلتی ہیں۔ وہ سانتوس ایف سی (برازیل) اور امریکہ میں یونیورسٹی آف لوئس ول کی نمائندگی کر چکی ہیں۔ اگست 2024 میں انہوں نے دو سالہ معاہدے پر النصر ویمن ٹیم جوائن کی اور اپنی بہترین کارکردگی کی بنیاد پرپلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ بھی جیت چکی ہیں۔












