کیپ ٹاؤن (یو این آئی) جنوبی افریقہ کے بجلی اور توانائی کے وزیرکگوسینٹشو راموکگوپا نے کہاہے کہ برکس (برازیل، روس، ہندوستان، چین اور جنوبی افریقہ) کی توسیع سے گیس اور توانائی کے مختلف قابل تجدید ذرائع کے شعبے میں رکن ممالک کے درمیان تعاون میں اضافہ ہوگا۔
مسٹر راموکگوپا نے روس کی نیوز ایجنسی اسپوتنک سے کہا، "ہم نے ان سرحدوں میں سے ایک کے طور پر سبز ہائیڈروجن کے امکان پر تبادلہ خیال کیا … (ساتھ ہی) توسیع شدہ برکس کے اندر بڑی تعداد میں ایسے ممالک ہیں، جو گیس برآمد کرنے والے ممالک ہیں۔ برکس گروپ کے دیگر ارکان بھی ہوں گے، جو ان ممالک کے پاس موجود گیس کے ذخائر سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ لہذا، ہمیں لگتا ہے کہ برکس ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو باہمی طور پر فائدہ مند ہے۔ یہ ایک علامتی رشتہ ہے۔” اس دوران انہوں نے روس، چین اور ہندوستان کی جانب سے چھوٹے ماڈیولر ری ایکٹرز پر کیے جانے والے کام کا ذکر کیا اور کہا کہ وہ 300 میگاواٹ تک پیداوار کرسکتے ہیں اور کہیں بھی تعینات کئے جاسکتے ہیں، جس سے پولی سینٹرک توانائی کی پیداوار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں نے کہا، "آپ ایک تقسیم شدہ گرڈ بنانے کے قابل ہیں، آپ کو ملک کے ایک کونے میں صنعتوں کو سپلائی کرنے کے لیے ہزاروں کلومیٹر لمبی لائنیں نہیں لگانے کی ضرورت ہے، آپ (صرف) چھوٹے ماڈیولر ری ایکٹر لگا سکتے ہیں۔ اس لئے یہ برکس کے تعاون کا ایک شعبہ ہے ہم جانتے ہیں کہ وہاں ٹیکنالوجی آگے بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ برکس کا حصہ بننا ‘واقعی ہمیں اپنی متعلقہ معیشتوں اور اپنے لوگوں کے مفاد میں بہتر تعاون کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔قابل ذکر ہے کہ برکس کا قیام 2009 میں برازیل، روس، ہندوستان اور چین کو متحد کرتے ہوئے سب سے بڑی ترقی پذیر معیشتوں کے لیے ایک تعاون کے پلیٹ فارم کے طور پر کیا گیا تھا۔ جنوبی افریقہ نے 2010 میں اس گروپ میں شمولیت اختیار کی تھی۔ یکم جنوری 2024 کو، برکس نے مصر، ایتھوپیا، ایران اور متحدہ عرب امارات کو شامل کرنے کے لیے اپنی رکنیت میں توسیع کی۔ سعودی عرب نے اپنی شرکت کو باقاعدہ شکل نہیں دی ہے، لیکن وہ برکس اجلاسوں میں شرکت کر رہا ہے۔












