نئی دہلی: دہلی کے جنتر منتر پر پہلوانوں کا مظاہرہ جاری ہے۔ دریں اثناء ہندوستانی ریسلنگ فیڈریشن کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ، جن پر خواتین ریسلرز کے جنسی استحصال کا الزام ہے، نے دہلی پولس کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کرایا ہے۔ دہلی پولس نے ان سے کچھ دستاویزات بھی طلب کیے ہیں۔ ضرورت پڑنے پر بیانات پھر سے ریکارڈ کیے جائیں گے۔اس دوران برج بھوشن نے اپنے اوپر لگائے گئے تمام الزامات کی تردید کی۔ خیال رہے کہ اس معاملہ میں تفتیش کے لیے ایس آئی ٹی کو 6 پولس ٹیموں کو تشکیل دیا گیا ہے، جس میں چار خواتین پولس افسران شامل ہیں۔ ایک خاتون ڈی سی پی کی نگرانی میں دس افراد پر مشتمل ٹیم تشکیل دی گئی۔دہلی پولس نے کہا کہ اسسٹنٹ سکریٹری ڈبلیو ایف آئی ونود تومر کا بیان بھی ریکارڈ کیا گیا۔ ونود تومر بھی دہلی پولس کی ایف آئی آر میں ملزم ہیں۔ برج بھوشن شرن نے اپنی وضاحت میں کچھ ویڈیو ثبوت اور موبائل ڈیٹا اکٹھا کرنے کو کہا ہے۔دہلی پولس کی ٹیم پہلوانوں کی شکایت پر ثبوت جمع کرنے اتر پردیش، جھارکھنڈ، کرناٹک اور ہریانہ گئی تھی۔ دہلی پولس ملک سے باہر بیرون ملک لگائے گئے الزامات کو لے کر متعلقہ ایجنسیوں سے بھی رابطے میں ہے۔ہندوستانی ریسلنگ فیڈریشن کے صدر اور بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ پر 7 خواتین ریسلرز نے جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا ہے۔ ان پہلوانوں کی شکایت پر برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف دہلی کے کناٹ پلیس تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔












