برسبین، (یو این آئی ) روس کے اسٹار ٹینس کھلاڑی اور ٹورنامنٹ کے ٹاپ سیڈ ڈینیئل مدویدیف نے برسبین انٹرنیشنل کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے، جہاں ان کا مقابلہ امریکہ کے برینڈن ناکاشیما سے ہوگا۔ مدویدیف 2019 میں اس ٹورنامنٹ کے رنر اپ رہے تھے اور اب وہ ایک بار پھر خطاب جیتنے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔سیمی فائنل میں مدویدیف کا مقابلہ امریکہ کے نوجوان کھلاڑی ایلیکس مشیلسن سے تھا۔مدویدیف نے یہ مقابلہ 6-4 اور 6-2 سے اپنے نام کیا۔اگرچہ روسی کھلاڑی نے میچ کے دوران 27 ان فورسڈ ایررز (Unforced Errors) کیے، لیکن انہوں نے دوسرے سیٹ میں چار بریک پوائنٹس بچا کر اپنی مہارت کا ثبوت دیا۔اس جیت کے ساتھ مدویدیف نے اپنے کیریئر کے 41 ویں اے ٹی پی فائنل میں رسائی حاصل کی، جس کے بعد وہ موجودہ کھلاڑیوں میں نوواک جوکووچ کے بعد سب سے زیادہ فائنلز کھیلنے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔دوسری جانب امریکہ کے برینڈن ناکاشیما نے اپنے قریبی دوست الیگزینڈر کواسیوچ کو 7-6 اور 6-4 سے ہرا کر فائنل کا ٹکٹ کٹایا۔ناکاشیما نے پورے ٹورنامنٹ میں اب تک ایک بھی سیٹ نہیں ہارا ہے۔2022 میں سان ڈیاگو میں پہلا ٹائٹل جیتنے کے بعد یہ ان کا پہلا اے ٹی پی فائنل ہے۔مدویدیف اور ناکاشیما کے درمیان اب تک دو مقابلے ہوئے ہیں اور دونوں میں مدویدیف فاتح رہے ہیں۔












