تمل ناڈو (یو این آئی) شریاس ایئر جمعرات سے شروع ہونے والے بوچی بابو ٹورنامنٹ میں ممبئی کی طرف سے کھیلیں گے اور وکٹ کیپر بلے باز ایشان کشن جھارکھنڈ کی قیادت کریں گے۔
شریاس ائیر 27 اگست کو ممبئی کے جموں و کشمیر کے ساتھ میچ کے لیے دستیاب ہوں گے۔ ایشان کشن نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی کے بارے میں جھارکھنڈ اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کو آگاہ کیا تھا اور پھر انہیں ٹیم میں شامل کر لیا گیا۔ وہ بدھ کو جھارکھنڈ ٹیم میں شامل ہوں گے۔
ائیر پچھلے سیزن میں کمر کی چوٹ کی وجہ سے کچھ فرسٹ کلاس میچ نہیں کھیل سکے تھے۔ تاہم، انہوں نے آئی پی ایل کے دوران واپسی کی۔ فروری میں ہندوستان کا سینٹرل کنٹریکٹ کھونے کے بعد ائیر حال ہی میں سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں ہندوستانی ٹیم کا حصہ تھے۔ تین میچوں میں انہوں نے 23، 7 اور 8 رن کی اننگز کھیلی۔
ائیر اس سال کے شروع میں انگلینڈ کے ساتھ ہوم ٹیسٹ سیریز کے پہلے دو ٹیسٹ میچوں کے لیے ہندوستانی ٹیم میں تھے۔ وہ مارچ میں ممبئی کی کامیاب رنجی ٹرافی مہم کا بھی حصہ تھے۔ انہوں نے فائنل میں ودربھ کے خلاف دوسری اننگ میں 95 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
ائیر نے اب تک کل 72 فرسٹ کلاس میچ کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 48.82 کی اوسط سے 5664 رنز بنائے ہیں۔ اس دوران ائیر نے 13 سنچریاں اور 30 نصف سنچریاں اسکور کیں۔
اس کے علاوہ ہندوستانی ٹی-20 ٹیم کے کپتان سوریہ کمار یادو بھی اس ٹورنامنٹ میں ممبئی کا حصہ ہوں گے۔ سرفراز خان اس ٹورنامنٹ میں ممبئی کی کپتانی کریں گے۔












