نئی دہلی (اے یوایس) جمعہ کی صبح دہلی جموں قومی شاہراہ پر ایک خوفناک سڑک حادثے میں ایک ہی خاندان کے سات افراد کی موت ہو گئی۔ اس واقعے میں 20 سے زائد افراد شدید زخمی بھی ہوئے ہیں۔ جو اس وقت قریبی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ حادثہ امبالہ میں پیش آیا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ منی بس کے ٹرک سے ٹکرانے کی وجہ سے پیش آیا بس بلند شہر سے جموں جا رہی تھی۔پولیس کے مطابق یوپی کے بلند شہر سے عقیدت مند منی بس سے ماتا ویشنو دیوی کے درشن کے لیے جا رہے تھے۔ حادثے سے بال بال بچ جانے والے دیگر افراد نے بتایا کہ ان کی منی بس سے آگے چلنے والے ٹرک نے اچانک بریک لگا دی تھی۔ جس کی وجہ سے منی بس ٹرک سے ٹکرا گئی۔ اس واقعے میں مرنے والے تمام 7 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔ پولیس کے مطابق واقعے میں زخمی ہونے والے تین افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جب کہ چار افراد اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئے۔ امبالہ کے پڈاو تھانے کے ایس ایچ او دلیپ نے بتایا کہ ڈاکٹروں کے مطابق اس حادثے میں اب تک سات افراد کی موت ہو چکی ہے، جب کہ کئی کی حالت انتہائی نازک ہے۔ جن کی حالت زیادہ تشویشناک ہے انہیں قریبی بڑے اسپتال ریفر کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس واقعے میں زخمی ہونے والے کچھ افراد سول اسپتال میں زیر علاج ہیں جب کہ کچھ زخمیوں کو ان کی حالت کو دیکھتے ہوئے نجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔












