نئی دہلی ( آئی این ایس انڈیا) ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اگلے ماہ دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کھیلی جائے گی۔ بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 19 ستمبر سے چنئی میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا ٹیسٹ میچ 27 ستمبر سے کانپور میں کھیلا جائے گا۔تاہم اس سلسلے میں جانتے ہیں کہ اس سیریز کے لیے ہندوستان کی 15 رکنی ٹیم کیسی ہو سکتی ہے۔ بی سی سی آئی نے ابھی تک بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم انڈیا کا اعلان نہیں کیا ہے۔ تاہم کئی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کام کے بوجھ کو دیکھتے ہوئے فاسٹ بولر جس پریت بمراہ کو اس سیریز میں آرام دیا جائے گا۔بنگلہ دیش کیخلاف سیریز سے اسٹار وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت کی ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی بھی ہوسکتی ہے۔ ساتھ ہی اس سیریز میں کے ایل راہل، سرفراز خان اور پرسدھ کرشنا کو بھی موقع مل سکتا ہے،فاسٹ باؤلنگ کی بات کریں تو محمد سراج اور مکیش کمار بھی 15 رکنی ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔انگلینڈ کیخلاف ہوم ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان وکٹ کیپر دھرو جوریل کو بنگلہ دیش کیخلاف بھی موقع مل سکتا ہے۔ تاہم وہ ریزرو وکٹ کیپر کے طور پر 15 رکنی ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔اس سیریز میں کپتان روہت شرما اور یشسوی جیسوال اننگز کا آغاز کرتے نظر آئیں گے۔ نیز یہ یقینی سمجھا جاتا ہے کہ شبھ من گل تیسرے نمبر پر اور کوہلی چوتھے نمبر پر کھیلیں گے۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سرفراز خان کو انگلینڈ کیخلاف موقع ملا۔ سرفراز نے اس موقع کا بہر صورت خوب فائدہ اٹھایا۔ اس صورتحال میں انہیں بنگلہ دیش سیریز میں پانچویں نمبر پر کھیلنے کا موقع مل سکتا ہے۔بنگلہ دیش کیخلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے ہندوستان کی ممکنہ 15 رکنی ٹیم – یشسوی جیسوال، روہت شرما (کپتان)، شبھ من گل،وارٹ کوہلی، سرفراز خان، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، کے ایل راہل، رویندر جڈیجہ، روی چندرن اشون، کل دیپ یادو، اکشر پٹیل، محمد سراج، مکیش کمار، دھرو جوریل (ریزرو وکٹ کیپر) اور پرسدھ کرشنا۔












