سڈنی، (یواین آئی ) پہلے ہی مشکلات کا شکار انگلش ٹیم پر مصیبتوں کا ایک اور پہاڑ ٹوٹ پڑا۔ ایشز سیریز کے آخری معرکے کے چوتھے روز انگلینڈ کے کپتان اور ریڑھ کی ہڈی سمجھے جانے والے کھلاڑی بین اسٹوکس انجری کا شکار ہو کر لنگڑاتے ہوئے میدان سے باہر چلے گئے۔آسٹریلیا کی پہلی اننگز کے 127ویں اوور کے دوران، جب اسٹوکس اپنا 28واں اوور کرا رہے تھے، چوتھی گیند پھینکنے کے فوری بعد وہ تکلیف سے بے حال نظر آئے۔ انہوں نے اپنی کمر (کُوہلے کے قریب کا حصہ) پکڑ لی اور بمشکل چلتے ہوئے گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں تصدیق کی ہے کہ اسٹوکس کے دائیں جانب کے ایڈکٹر مسل (Adductor Muscle) میں کھچاؤ پیدا ہوا ہے، جس کا طبی معائنہ کیا جا رہا ہے۔انگلش کیمپ سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق، اسٹوکس کی انجری سنجیدہ نوعیت کی ہے، تاہم ٹیم کی نازک صورتحال کے پیشِ نظر وہ دوسری اننگز میں بیٹنگ کے لیے دستیاب ہوں گے۔ انگلینڈ پہلے ہی سیریز میں 1-3 سے پیچھے ہے اور اس ٹیسٹ کو بچانے کے لیے انہیں اپنے کپتان کی ضرورت ہے۔آسٹریلیا کا یہ دورہ انگلینڈ کے لیے کسی بھیانک خواب سے کم ثابت نہیں ہوا۔ اسٹوکس سے قبل کئی اہم کھلاڑی انجری کی نذر ہو چکے ہیںمارک ووڈ: برسبین ٹیسٹ کے بعد باہر ہو گئے۔جوفرا آرچر: ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے بعد وطن واپس لوٹ گئے۔گس اٹکنسن: میلبرن میں ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہو کر سڈنی ٹیسٹ سے باہر ہوئے۔












