سلطان پور، (یو این آئی) لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر اور رائے بریلی سے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کے وزیر داخلہ امت شاہ کے خلاف توہین آمیز تبصرہ کرنے کے معاملے کی سماعت پیر کو مدعی بی جے پی لیڈر وجے مشرا کی غیر حاضری کے سبب ملتوی کر دی گئی۔ عدالت اب اس کیس کی سماعت 27 مارچ کو کرے گی۔مدعی کے وکیل سنتوش پانڈے نے آج یہاں بتایا کہ انہوں نے گزشتہ سماعت پر عدالت میں ایک عرضی پیش کی تھی، جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ راہل گاندھی کے بیانات کے آڈیو اور ویڈیو ثبوتوں کو راہول گاندھی کی حقیقی آواز سے ملایا جائے۔ وجے مشرا کی غیر حاضری کی وجہ سے عدالت نے سماعت کے لیے 27 مارچ کی تاریخ مقرر کی ہے۔بی جے پی رہنما وجے مشرا نے اکتوبر 2018 میں شکایت درج کرائی۔ راہل گاندھی نے 20 فروری 2024 کو عدالت میں خودسپردگی کی، جس کے بعد خصوصی مجسٹریٹ نے انہیں 25،000 روپے کی دو ضمانتوں پر ضمانت دی۔ 26 جولائی 2024 کو راہل گاندھی دوبارہ ایم پی/ایم ایل اے کورٹ میں پیش ہوئے اور اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔ انہوں نے خود کو بے قصور قرار دیتے ہوئے اس کیس کو سیاسی سازش قرار دیا۔ راہل گاندھی کے بیان کے بعد عدالت نے مدعی کو ثبوت پیش کرنے کی ہدایت کی اور اس کے بعد سے مسلسل گواہ پیش کیے جا رہے ہیں۔20 فروری کو راہل گاندھی ایم پی/ایم ایل اے کورٹ میں پیش ہوئے اور سی آر پی سی کی دفعہ 313 کے تحت اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔ عدالت نے راہل گاندھی کو اپنی بے گناہی سے متعلق اپنا دفاع اور ثبوت پیش کرنے کے لیے 9 مارچ کی تاریخ مقرر کی تھی لیکن راہل گاندھی کے وکیل کاشی پرساد شکلا نے کوئی دفاع یا ثبوت پیش نہیں کیا۔ اس کے بعد عدالت کے جج شبھم ورما نے کیس میں دلائل کے لیے اگلی تاریخ 27 مارچ مقرر کی۔












