نیروبی، (یواین آئی ) جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ گولفر کیسی جارویس نے کینیا کے دارالحکومت میں منعقدہ میجیکل کینیا اوپن میں ‘وائر ٹو وائر (پہلے دن سے آخری دن تک برتری برقرار رکھتے ہوئے) فتح حاصل کر لی۔ انہوں نے خراب موسم اور طوفانی حالات کے باوجود اپنے حریف ڈیوس برائنٹ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹرافی اپنے نام کی۔جارویس نے آخری راؤنڈ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھ برڈیز اسکور کیں اور 62 کے کارڈ کے ساتھ اپنی اننگز کا اختتام ایک بہترین ‘ایگل پر کیا، جس کی بدولت وہ تین اسٹروک کی برتری سے جیتنے میں کامیاب رہے۔کیرن کنٹری کلب میں کامیابی کے بعد کیسی جارویس کافی جذباتی نظر آئے۔ انہوں نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا”یہ ناقابل یقین ہے۔ میں نے اس سے پہلے کبھی اپنے والد کے سامنے کوئی ٹائٹل نہیں جیتا تھا اور میری ہمیشہ سے یہ خواہش تھی کہ میں ان کی موجودگی میں یہ کارنامہ انجام دوں۔ میں آخری لمحات میں کافی گھبرایا ہوا تھا، لیکن اب یہ جیت حاصل کر کے جو سکون محسوس ہو رہا ہے اسے الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا۔












