میڈرڈ ،(یواین آئی ) اسپینش فٹ بال لیگ "لا لیگا” میں بقا کی جنگ لڑنے والے کلب میلورکا نے اپنی گرتی ہوئی کارکردگی کو بچانے کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ہیڈ کوچ جگوبا اراساتی کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ٹیم مسلسل شکستوں کے باعث ریلیگیشن (تنزلی) کے سیاہ بادلوں میں گھری ہوئی ہے۔کلب کی انتظامیہ کا یہ سخت فیصلہ سیلٹا ویگو کے خلاف 0-2 کی عبرتناک شکست کے محض 24 گھنٹے بعد سامنے آیا۔ اس ہار نے میلورکا کو پوائنٹس ٹیبل پر خطرناک زون میں دھکیل دیا ہے، جہاں وہ 25 میچوں میں صرف 24 پوائنٹس کے ساتھ نیچے سے تیسری پوزیشن پر آچکے ہیں۔جگوبا اراساتی، جنہوں نے 2024 میں اوساسونا چھوڑ کر میلورکا کی کمان سنبھالی تھی، گزشتہ سیزن میں ٹیم کو 48 پوائنٹس کے ساتھ دسویں نمبر پر لانے میں کامیاب رہے تھے۔ لیکن رواں سیزن ان کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوا۔ 25 میچوں میں محض 6 فتوحات اور 13میں شکست ہویئں۔اراساتی کی برطرفی کی ایک بڑی وجہ صرف خراب نتائج نہیں بلکہ ٹیم کے اہم کھلاڑیوں کے ساتھ بگڑتے ہوئے تعلقات بھی تھے۔ سابق کپتان دانی روڈریگیز کے ساتھ ان کے اختلافات اتنے بڑھے کہ کپتان نے کلب چھوڑ کر لیگانس میں شمولیت اختیار کر لی۔ سیلٹا ویگو کے خلاف میچ میں ٹیم کی جانب سے گول پر ایک بھی شاٹ نہ لگانا کوچ کی حکمت عملی پر سوالیہ نشان بن گیا تھا۔میلورکا نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ اراساتی کا معاہدہ 2027 تک تھا، مگر ٹیم کو مزید نقصان سے بچانے کے لیے یہ تبدیلی ناگزیر تھی۔ کلب اب ایک ایسے نئے کوچ کی تلاش میں ہے جو سیزن کے باقی رہ جانے والے میچوں میں ٹیم کو تنزلی سے بچا سکے اور کھلاڑیوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کر سکے۔












