نئی دہلی، (یواین آئی) مرکزی تحقیقاتی بیورو (سی بی آئی) نے جمعہ کو انل امبانی کے بیٹے جے انمول امبانی کا بیان ریکارڈ کیا، جو ریلائنس ہوم فنانس لمیٹڈ اور دیگر کے خلاف درج 228 کروڑ روپے کے بینک قرض فراڈ کیس سے متعلق ہے۔ یہ کیس 6 دسمبر 2025 کو درج کیا گیا تھا۔ جے انمول امبانی، رویندرا سدھلکر، نامعلوم افراد اور نامعلوم سرکاری ملازمین کو اس معاملے میں ملزم کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ سی بی آئی نے جے انمول امبانی کو دہلی میں سی بی آئی ہیڈکوارٹر پر تحقیقات میں شامل ہونے کے لیے طلب کیا تھا۔ ایک سینئر افسر نے بتایاکہ جے انمول امبانی آج تحقیقاتی افسر کے سامنے پیش ہوئے اور تقریباً 6.5 گھنٹے تک ان سے پوچھ گچھ کی گئی۔ مزید تحقیقات کے لیے انہیں کل دوبارہ پیش ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔” سی بی آئی نے ریلائنس ہوم فنانس لمیٹڈ (ریلائنس اے ڈی اے گروپ کی کمپنی)، اس کے پروموٹرز/ڈائریکٹرز اور نامعلوم بینک افسران کے خلاف یونین بینک آف انڈیا کی شکایت پر مجرمانہ مقدمہ درج کیا۔ شکایت میں مجرمانہ سازش، دھوکہ دہی اور بدعنوانی کا الزام لگایا گیا ہے، جس سے یونین بینک آف انڈیا (سابقہ آندھرا بینک) کو 228.06 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔












