نئی دہلی: دہلی شراب پالیسی میں ہوئے مبینہ گھوٹالہ کے سلسلہ میں دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کو سی بی آئی کی جانب سے ایک بار پھر طلب کیا گیا ہے، جس کے بعد بی جے پی اور عام آدمی پارٹی (آپ) کے درمیان سیاست تیز ہو گئی ہے۔ جہاں ’آپ‘ نے اسے دہلی کے بچوں کیلئے اچھے نظام تعلیم کو روکنے کی کوشش قرار دیا ہے، وہیں، ہی بی جے پی نے کہا ہے کہ اگر آپ نے غلط کام نہیں کیا ہے تو آپ ڈرتے کیوں ہیں۔ آگے بڑھیں، جو بھی سوال پوچھا جائے اس کا جواب دیں، یہ ’بیچارہ‘ والی سیاست مت کیجئے!خیال رہے کہ سی بی آئی نے دہلی شراب پالیسی میں ہوئے مبینہ گھوٹالہ کے سلسلہ میں دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کو اتوار 19 فروری کو طلب کیا ہے۔ سسودیا کو قومی راجدھانی میں واقع سی بی آئی کے صدر دفتر میں صبح 11 بجے پہنچنا ہے اور تفتیشی افسران کے سوالات کا سامنا کرنا ہے۔منیش سسودیا نے اس پیشرفت پر ایک ٹوئٹ کر کے کہا ہے کہ سی بی آئی دہلی میں ہو رہے ترقیات کاموں پر قدغن لگانا چاہتی ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا’سی بی آئی نے مجھے اتوار کے روز دوبارہ طلب کیا ہے۔ انہوں نے میرے خلاف سی بی آئی اور ای ڈی کی پوری طاقت لگا دی دی ہے۔ انہوں نے میرے گھر پر چھاپہ مارا، میرے بینک لاکرز کی تلاشی لی، لیکن کچھ نہیں ملا۔ میں نے دہلی میں بہترین تعلیمی نظام قائم کیا ہے، وہ اسے روکنا چاہتے ہیں لیکن میں نے ہمیشہ ان کی تحقیقات میں تعاون کیا ہے اور کرتا رہوں گا‘۔












