بیدر،یکم اگست،سماج نیوز سروس: ڈپٹی کمشنر شلپا شرما نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی 15 ؍اگست کو یوم آزادی شایان شان طریقے سے منائیںگے۔ وہ جمعرات کوڈپٹی کمشنر دفتر ہال میں منعقدہ قبل از تیاری آزادی تقریب اجلاس کی صدارت کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف محکموں کے افسران کو دی گئی ذمہ داریوں کو وہ احسن طریقے سے نبھائیں اور ان کی طرف سے تیار کردہ معلومات 11؍ اگست کو دی جائیں اور پرچم کشائی کے دوران کہیں بھی جھنڈا نیچے نہ گرایا جائے۔15 ؍اگست کو پرچم کشائی کے موقع پر مہاتما گاندھی جی کی تصویر کے ساتھ معمار آئین ڈاکٹر امبیڈکر کی تصویر لگائی جائے اور اسی دن پوجا کی جائے چونکہ اس دن سنگولی رائنا کایوم بھی ہے لہٰذا اس کابھی اہتمام کیاجائے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شیوکمار شیلونت نے کہا کہ 15 ؍اگست کو تمام سرکاری اور نیم سرکاری دفاتر اور اسکولوں اور کالجوں میں صبح 8:30 بجے پرچم کشائی کی جائے گی اور سبھی کو صبح ساڑھے آٹھ بجے بیدر ضلع کے نہرو اسٹیڈیم میں جمع ہونا چاہئے۔ صبح 9 بجے ا سٹیڈیم میں پرچم کشائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 14 اور 15 اگست کو تمام سرکاری دفاتر میں چراغاں کیا جائے۔پروگرام کو خوش اسلوبی سے چلانے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ محکمہ تعمیرات عامہ کو چاہئے کہ وہ ضلع نہرو اسٹیڈیم میں صفائی کے ساتھ اسٹیج بنائے۔ میونسپل کارپوریشن ا سٹیڈیم کی صفائی اور بنیادی سہولیات کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم ثقافتی پروگراموں کے انعقاد کے ساتھ ساتھ اسکولوں اور کالجوں میں مضمون نویسی اور تقریری مقابلوں کا انعقاد کرے۔ضلع پنچایت کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر گریش بدولے، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مہیش میگھناور، محکمہ خوراک اور شہری سپلائی کی ڈپٹی ڈائرکٹر سریکھا، پری گریجویٹ ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی ڈپٹی ڈائرکٹر چندرکانت شاہباد کر، کنڑا اور کلچر ڈپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سدرام سندھے، ڈاکٹر جگناتھ ہیبلے، ضلع مردم شماری کلکٹر سوورنا، شیواشنکر ٹوکرے، ضلع کنڑ ساہتیہ پریشد کے صدر سریش چن شیٹی، کلیان کرناٹک آرٹسٹس یونین کے صدر وجے کمار سونارے، ویروپاکش گادگی، سنیل بھاوی کٹی اور دیگر ضلع سطح کے مختلف محکموں کے عہدیدارموجود تھے۔ واضح رہے کہ ہرسال کی طرح اس سال بھی پروگرام میں عوام کی جانب سے کسی مسلمان کومدعو نہیں کیاگیا۔ پرانی فہرست کے مطابق ہی اس سال’’ یومِ آزادی‘‘ منانے شہریوں کومدعوکرکے مبینہ طورپر مشورہ لیاگیا۔ہماراخیال ہے کہ ڈپٹی کمشنر دفتر کی عوامی فہرست میں بیدر کے مسلمانوں کانام بھی ضرور شامل ہوگا۔












