دیوبند،سماج نیوزسروس: دارالعلوم وقف دیوبند میں آج ختم بخاری شریف کا انعقاد عمل میں آیا،آخری سبق شیخ الحدیث مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی نے پڑھایا اور بخاری شریف کی عظمت و حضرت امام بخاریؒ کی حیات و خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔اس دوران مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی نے مسلسلات کا درس دیتے ہوئے طلبۂ علم حدیث کواپنی عالی سند حدیث کی اجازت دی۔ شیخ الحدیث وصدرالمدرسین مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی نے بخاری کا درس دیتے ہوئے بخاری شریف کی رفعت و منزلت اور امام بخاری کا مقام و مرتبہ بیان کیااور فرمایا کہ یہ امام بخاری کا اخلاص، تقویٰ اور للہیت ہی ہے کہ آج زمانہ اور عرصہ گذرجانے کے باوجود بخاری شریف کے مقام و مرتبہ میں کوئی کمی نہیں آئی، انتہائی خلوص کے ساتھ انہوں نے ضبط حدیث میں بھی احتیاط و تقویٰ کو بھرپور ملحوظ رکھا، انہوں نے کہا کہ بخاری شریف پر جس عظیم الشان پیمانے پر کام ہوئے ہیں ان کا احاطہ کرنا ناممکن ہے۔ انھوں نے کہا کہ امام بخاری کے تراجم ابواب کا ایک بڑا وصف احقاق حق و ابطال باطل ہے۔ اس لئے اسلام سے اپنا رشتہ مضبوط کریں، مکمل تعلیمات اسلامی پر عمل پیرا ہوجائیں، نیز قرآن و سنت اور حیات اکابر سے اپنا رشتہ مضبوطی کے ساتھ قائم کریں ۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہاکہ راب آپ باضابطہ عالم کی حیثیت سے متعارف ہوں گے اس لئے آپ کے لئے لازمی ہے کہ جو کچھ آپ نے یہاں اپنے اساتذہ سے حاصل کیا ہے انہیں عملی زندگی میں لائیں، اپنی زندگی سنت نبویؐ کے مطابق ڈھالیں، آپ جہاں رہیں خشیت الٰہی آپ کے لئے لازم ہے، ترک معصیت کو لازم پکڑیں اور فرائض و واجبات کا اہتمام کریں نیز سنت نبویؐ پر مکمل عمل پیرا ہوجائیں۔ اس موقع پردارالعلوم وقف دیوبند کے مختلف اساتذہ کرام نے بھی طلبہ کو نصیحتوں سے نواز۔آخر میںمولانا سید احمد خضرشاہ مسعودی کی رقت آمیز دعا پر ہوا۔ اس موقع پر جملہ اساتذۂ و طلبہ موجودرہے۔












