نئی دہلی ، شاہی امام مسجد فتحپوری دہلی مفکر ملت مولانا ڈاکٹر مفتی محمد مکرم احمد صاحب نے آج نماز جمعہ سے قبل خطاب میںمسلمانوں کو تاکید کی کہ رمضان المبارک کےلئے تیاری کریں اور زکوۃ خیرات غیر مستحق لوگوں کو دے کر ضائع نہ کریں ۔ضلع مظفر نگر ،جانسٹھ کے ایک مندر میں ایک فرقہ پرست شخص نے مذہبی چیزوں کی توڑ پھوڑ کی اور حالات کو بگاڑنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔ہولی اور شب برا ءت سے پہلے اس طرح کے توہین آمیز واقعہ سے علاقہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی ۔اچھی بات ہوئی کہ مندر کے اندر اور باہر لگے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے سازش کا پردہ فاش ہوا اورپولیس نے مستعدی کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے اصل ملزم کی شناخت کر لی وہ شرارتی شخص ایک غیر مسلم تھا جس نے نقض امن کرانے کی نیت سے مندر میں توڑ پھوڑ کی تھی ۔اسی دوران مندر کمیٹی کے صدر نے تھانہ میں مقدمہ درج کراتے ہوئے کہا کہ قصبہ کے رہنے والے راہل نے مذہبی چیزوں کو ہتھوڑے سے توڑ دیا ۔ہمارا مطالبہ ہے کہ کہ فساد کی سازش کرنے والوں پر جلد از جلد سخت کارروائی کی جائے تاکہ کسی جگہ فساد کا اندیشہ نہ رہے۔مفتی مکرم نے مسجد اقصی کے احاطہ میں یہودیوں کی دراندازی کی شدید مذمت کی اورامریکہ، عالمی برادری نیز مسلم ممالک سے اس معاملہ میں موثر کارروائی کا مطالبہ کیا ۔خبروں سے معلوم ہوا ہے کہ اسرائیل کے داخلی سلامتی کے وزیر ایتمابن گویر نے اپنے ملک کی افواج کو ماہ رمضان کے دوران مقبوضہ مشرقی القدس میں فلسطینیوں کے گھروں کو مسمار کرنے کا عمل جاری رکھنے کا حکم دے دیا ہے ۔رمضان المبارک میں صہیونیوں کی در اندازی بند ہونی چاہئے اور نیا ظالمانہ قانون جوبنایا گیاہے وہ بھی واپس کرایا جائے یو این او کو اس پر ایکشن لینا چاہئے۔












