نئی دہلی،شاہی امام مسجد فتحپوری دہلی مفکر ملت مولانا ڈاکٹر مفتی محمد مکرم احمد نے آج نماز جمعہ سے قبل خطاب میں کہا کہ ماہ شعبان میں نفلی عبادات سے بارگاہ الٰہی میں قرب حاصل کریں، زکوٰۃ،صدقہ مستحق لوگوں کو تلاش کرکے دیا جائے۔ انہوں نے شر پسندوں اور فرقہ پرستوں کے ذریعہ دو مسلم نوجوانوں، ناصر اور جنید کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی اور گہرے رنج و غم کا اظہار کیا نیز ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے انہیں سخت سے سخت سزا دیے جانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ افسوس اور مذمت کی بات یہ ہے کہ ملزمان کی حمایت میں ریلی نکالی گئی اور مہاپنچایت بھی کی گئی اور شرارتی عناصر نے پولیس تک کو چیلنج کردیا، لیکن ایسے لوگوں کے خلاف کیس درج نہیں کیا گیا۔ یہ بھی شدید افسوس کی بات ہے کہ ہریانہ حکومت اور مرکز کے کسی لیڈر نے مظلوموں سے اظہار ہمدردی بھی نہیں کیا۔ ایک طرف ہندوستان کو وِشو گرو بنانے کی بات ہو رہی ہے دوسری طرف مذہبی دہشت گردی برابر بڑھتی جارہی ہے۔ اقلیتوں کے خلاف ظلم و ستم برابر بڑھتا جارہا ہے اس کے رُکنے کی کوئی سبیل نظر نہیں آرہی۔ ایسی حرکتوں کا سدباب ہونا چاہیے اور مظلوموں کو انصاف دلایا جانا چاہیے۔