افسر علی نعیمی ندوی
بیدر،12؍جون، سماج نیوز سروس: جنگلات، ماحولیات، حیاتیات اور ضلع انچارج وزیر ایشور کھنڈرے نے کہا کہ ضلع کے سلگتے ہوئے مسائل کا حل تلاش کرنے کے لیے ایک ماسٹر پلان تیار کیا گیا ہے۔ شہربیدر کے جنواڈہ روڈ پر واقع جھیرا کنونشن ہال میں کانگریس ضلع یونٹ کی طرف سے منعقدہ ایک پروقار تقریب میں اعزاز حاصل کرنے کے بعدوہ خطاب کر رہے تھے۔انھوں نے کہاکہ اپنے دوروزارت میں ضلع کی ہمہ گیر ترقی کے لیے کوششیں کی جائیں گی۔ ضلع انتظامیہ آفس کمپلیکس کی تعمیر کو اولین ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ زیر التوا ترقیاتی کاموں کو جلد مکمل کیا جائے گا۔میونسپل ایڈمنسٹریشن اور وزیر حج رحیم خان نے تہنیت وصول کرنے کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ وہ ایشور کھنڈرے کے ساتھ مل کر ضلع کو ترقی کی راہ پر لے جانے کی پوری کوشش کریں گے۔ ذات پات کی تفریق کے بغیر تمام برادریوں کی خوشحالی کے لیے کوششیں کی جائیں گی۔ رکن قانون سازکونسل اروندکمار رالی نے تعارف پیش کیا۔ نئے وزیر کو شال، میسور کی پگڑی اور ایک بھاری مالا کے ذریعہ سمان کیاگیا۔ سابق ایم ایل سی وجے سنگھ، بھیم سینا راؤ سندھے، کے پنڈلیک راؤ، گروما سداریڈی، آنند دیوپا، امرت راؤ چمکوڑے، بھرت بائی کوڈمبل، سنجے جاگیردار، بشیر الدین ہالہپرگا، روحی داس گھوڑے، ایم اے سمیع، پرویز کمال، چندر کانت ہپلگاؤں، محمد یوسف، شاکراللہ خان، سنجو کمار ڈی کے، گووردھن راٹھور، شنکرریڈی چٹہ، سچن ملکا پور، شرنپا شرما، نثاراحمد، نعیم کرمانی، پوجاجارج اور دیگر موجود تھے۔کانگریس ضلع یونٹ کے صدر بسواراج جابشٹی نے خیرمقدم کیا۔ ضلع یونٹ کے جنرل سکریٹری دتاتری مولگے نے ایک پریس نوٹ کے ذریعہ یہ بات بتائی۔ قبل ازیں شاہ پور گیٹ پر دونوںنئے وزیروں کا شاندار استقبال کیا گیا۔بعد ازاں کو ایک کھلی گاڑی میں جلوس کے ذریعہ بیدر کے جھرا کنونشن ہال لایا گیا۔اس موقع پر یہ بات بھی نوٹ کرنے لائق ہے کہ جلوس نئی کمان ، تعلیم صدیق شاہ ، چوبارہ ، گاوان چوک ، مین روڈ، اندرون شاہ گنج سے ہوتاہوا جھرافنکشن ہال کی طرف جا رہا تھا تب جلوس کابیشتر راستہ اندھیرے میں تھا۔ اور شہر کے دیگر مقامات پر بھی بجلی سربراہی منقطع تھی۔یہ عمل دونوں وزراء کے لئے فکرمندرکھنے سے متعلق ہے۔