کارپوریشن انتخابات میں کامیابی کیلئے کانگریس پارٹی نے کمپیننگ اسٹار کی فہرست جاری کی
: دہلی کارپوریشن انتخابات میں پارٹی کو کامیاب بنانے کے لیے کانگریس نے اپنے کمپیننگ اسٹار کی فہرست جاری کی ہے جس میں 40لیڈران کے نام شامل ہیں۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور سا بق ممبر اسمبلی حسن احمد کا نام بھی شامل ہے۔ انہوںنے کہا کہ میںدہلی والوں سے اپیل کرتا ہوں کہ اس الیکشن میںکانگریس کو کامیاب بنائیں کیونکہ ملک کے حالات آرایس ایس نے بہت خراب کر دیے ہیں۔ خاص طور سے مسلمانوںسے میری اپیل ہے کہ وہ ان حالات میں کانگریس کا ساتھ دیںکیوںکہ کانگریس پارٹی ہمیشہ مسلمانوںکے ساتھ کھڑی رہی ہے۔ یہ بھی صحیح ہے کہ مسلمانوں نے بھی اس پارٹی کا ساتھ دیا ہے۔ کانگریس نے اقلیتوں کے علاوہ ایس سی ایس ٹی اور پسماندہ طبقات کو بھی یکساں حقوق دیے ہیں۔ حسن احمد نے مزید کہا کہ آج راہل گاندھی لوگوںکو جوڑنے کیلئے ’بھارت جوڑو یاترا‘ چلا رہے ہیں جس کے تحت وہ ہزاروں کلو میٹر پیدل چل چکے ہیں وہ ہمارے لے چل رہے ہیں ان کو اگر کوئی لالچ ہوتا تو وہ کانگریس کے قومی صدر بننے سے انکار نہیں کرتے اور پارٹیِ کے قومی صدر بن جاتے لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا اور پارٹی کارکنان کے طور پر کام کرنے والے شخص کو ووٹنگ کرکے صدر بنوایا۔ کانگریس کو کوئی لالچ نہیں ہے آپ لوگ اچھی طرح سے جانتے ہیں کہ بی جے پی اور عام آدمی پارٹی آر ایس ایس کیلئے کام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کو پہچان لو۔ یہ موقع ہے کہ تمہاری مدد کرنے سے کانگریس پارٹی کی ریڑھ کی ہڈی مضبوط ہوگی۔ ہماری ہمت بڑھے گی، میں وعدہ کرتا ہوںکہ پارٹی آپ کیلئے ہمیشہ کھڑی رہے گی۔ حسن احمد نے کہا کہ میں اپیل کرتا ہوں کہ مسلمان جس جگہ بھی ہیںوہاں جو بھی کانگریس کا امیدوار ہے اسکو کامیاب بنائیں۔ حسن احمد کے علاوہ بھی اس فہرست میں چودھری انل کمار اجے ماکن اروندر لولی، سبھاش چوپڑا، سندیپ دکشت، دیویندر یادو، رمیش کمار، جے پی اگروال، کرشنا تیرتھ، سچن پائلٹ، بھوپیندر ہڈا ، منگت رام، ارادھنا مشرا، سلمان خورشید، ندیم جاوید، عمران پرتاپ گڑھی، متین احمد، ہارون یوسف، پرویزہاشمی، آصف محمد خان، علی مہدی، راجیش لیلوٹھیا، رنویر بٹو، امریندر سنگھ، پون کھیڑا، گورو بلّبھ، الکا لامبا، سوپریا ،ابھیشیک دت، مدت اگروال، جے کشن، امریتا دھون، امت ملک، راگنی نائک، رنویجے لوچو ،کنہیا کمار، ابھے کمار اور میور شیکھر وغیرہ شامل ہیں۔












