بہارشریف (ایم ایم عالم) نالندہ ضلع بھر میں رمضان المبارک کے چوتھا جمعہ یا جمعۃ الوداع کے موقع پر سبھی مسجدوں میں نمازیوں کی بھیڑ امڑی۔اس موقع پر مساجد میں روحانیت اور عقیدت کے دلکش مناظر دیکھنے کو ملا۔ہزاروں روزہ داروں نے مساجد میں جمع ہو کر نماز جمعہ ادا کی اور اللہ تبارک تعالیٰ کے حضور رحمت،برکت اور مغفرت کی دعائیں مانگیں۔رمضان المبارک کے چوتھے جمعہ یا جمعۃ الوداع کے مبارک موقع پر ضلع کی تمام بڑی اور چھوٹی مساجد نمازیوں سے کھچا کھچ بھری نظر آئیں۔کئی مساجد میں جگہ کم پڑنے کے باعث لوگوں نے مسجد کے صحن اور اطراف میں بھی نماز ادا کی۔ نماز سے قبل روزہ داروں کی بڑی تعداد قرآن پاک کی تلاوت،نفل نماز،تسبیح اور ذکر و اذکار میں مصروف نظر آئی۔نماز جمعہ سے پہلے ائمہ کرام اور علمائے دین نے رمضان المبارک کی فضیلت،لیلۃ القدر کی اہمیت اور زکوٰۃ و صدقہ فطر کی ادائیگی کے بارے میں تفصیلی خطاب کیا۔علمائے کرام نے کہا کہ رمضان المبارک صرف بھوکے اور پیاسے رہنے کا نام نہیں بلکہ یہ صبر،تقویٰ اور انسانیت کی خدمت کا مہینہ ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ روزہ، ذکر تلاوت و ذکر و اذکار کے ساتھ ساتھ غریبوں،یتیموں،بیواؤں اور ضرورت مندوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے کا مہینہ ہے، خیر و بھلائی کے جذبے سے حاجت مندوں کی حاجت روائی کا مہینہ ہے اور یہ بہت بڑا ہی عبادت ہے۔اس مقدس مہینے میں ضرورت مندوں اور غریبوں کی مدد کرنا بھی نہایت اہم عمل ہے۔نماز جمعہ کے بعد مساجد میں ہزاروں ہاتھ اللہ تعالیٰ کے حضور میں دعائیں کے لیے بلند ہوئے اور ملک و قوم کی سلامتی،امن و امان اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ضلع کی مختلف مساجد بشمول ہلسا،خدا گنج،راجگیر،گیریک،سیلاؤ،حیدر گنج کڑاہ،استھانواں،دیسنہ،اسلام پور، چنڈی، پلٹ پورہ،مافی،جانا، ہرگانواں،گیلانی،بیلچھی شریف اور شہر کی بڑی درگاہ، پل پر واقع شاہی جامع مسجد،شاہی مسجد مرارپور بھراؤ پر،پکی تالاب،کہنہ سرائے،خانقاہ،گڑھ پر،کاغذی محلہ،سوہ سرائے،عمادپور،چھجو محلہ،سخانہ اور گگن دیوان سمیت دیگر مساجد میں نماز جمعہ عقیدت و احترام کے ساتھ ادا کی گئی۔صبح 10بجے سے ہی مساجد میں عبادت گزاروں کی آمد شروع ہو گئی تھی اور دن چڑھنے کے ساتھ نمازیوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا رہا۔روزہ داروں نے زیادہ تر وقت عبادت،تلاوت قرآن پاک اور ذکر و اذکار میں گزارا،جس سے مساجد کا پورا ماحول روحانیت سے گونج اٹھا۔غور طلب بات یہ بھی رہی کہ چوتھا جمعہ یا جمعۃ الوداع کے سبب ضلع کے سبھی مساجد میں عید الفطر کی نماز کا وقت بھی مقرر کر دیا گیا ہے اس لیے کہ اگر 29 رمضان المبارک کی چاند نظر آگیا تو جمعہ کے دن ہی عید الفطر کی نماز ادا کی جائے گی اگر 30 رمضان المبارک مکمل ہوا تو ہفتے کے روز عید الفطر کی نماز ادا کی جائے گی۔












