کابل:افغانستان میں داعش کی ایک نئی کارروائی کی اطلاع داعش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹیلی گرام چینل پر دی ہے۔ داعش کے مطابق صوبہ بامیان میں اس کے ایک بندوق بردار کے سیاحوں پر حملے کے نتیجے میں تین ہسپانوی سیاح ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ کم از کم ایک ہسپانوی سیاح زخمی ہوا ہے۔داعش کی طرف سے یہ اطلاع اتوار کے روز دی گئی ہے جبکہ سپین کی وزارت خارجہ نے جمعہ کے روز ہی بتا دیا تھا کہ ہسپانوی سیاحوں پر افغانستان میں حملہ کیا گیا ہے۔طالبان کی وزارت داخلہ کے ترجمان عبدالمتین قانع نے اس واقعے کے سلسلے میں بتایا ہے کہ ایک بندوق بردار کے حملے کے بعد چار افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق تین غیر ملکی اور ایک افغانی شہری بھی حملے میں ہلاک ہو گیا تھا۔ جبکہ چار غیر ملکی اور تین افغانی بھی زخمی ہوئے ہیں۔
پہاڑوں میں گھرا ہوا افغان صوبہ بامیان عالمی ورثے کی وجہ سے اقوام متحدہ کے ادارے کی خصوصی دلچسپیوں اور سرگرمیوں کا موضوع رہا ہے۔ اسی صوبے میں 2001 میں طالبان نے بدھ مت کے بانی مہاتما بدھ کے مجسموں کی باقیات کو آگ لگا دی تھی۔ یہ واقعہ ان کے پچھلے دور حکومت میں پیش آیا تھا۔












