سید پرویز قیصر
سری لنکا کے آل راونڈر داسن شاناکا ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ مرتبہ صفر پر آوٹ ہونے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئے۔ یہ وہ ریکارڈ جس کو کوئی بلے باز اپنے نام کرنے کی تمنا نہیں کریا مگر پھر بھی یہ ریکارڈ بن ہی جاتا ہے۔
پاکستان کے خلاف ابوظبہی میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے سپر چار کے تیسرے میچ میں انہیں تیز بالر حسین طلعت نے وکٹ کیپر محمد حارث کے ہاتھوں پہلی ہی بال پر آوٹ کیا۔ یہ ان کا14 واں صفر تھا۔
دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے داسن شاناکا نے 2015 سے اب تک جو113 ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں انکی102 اننگوں میں20.26 کی اوسط اور123.05 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ چھ نصف سنچریوں کی مدد سے1601 رن بنائے ہیں۔ وہ چودہ مرتبہ اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے تھے اور ان کا سب سے زیادہ اسکور آوٹ ہوئے بغیر74 رن ہے جو انہوں نے دھرم شالہ میں ہندوستان کے خلاف27 فروری2022 کو 60 منٹ میں38بالوں پر نو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔ اس میچ میں ہندوستان نے چھ وکٹ سے جیت حاصل کی تھی۔
پانچ بلے باز تیرہ ۔تیرہ صفروں کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرے مقام پر ہیں جن میں سے سب سے زیادہ میچوں میں تیرہ صفر آئیرلینڈ کے پال اسٹیرلنگ نے حاصل کئے ہیں۔ دائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے 2009 سے اب تک جو153 ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں انکی150 اننگوں میں26.69 کی اوسط اور134.86 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ ایک سنچری اور24 نصف سنچریوں کی مدد سے 3710 رن بنائے ہیں۔وہ تیرہ مرتبہ اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے اور ان کا سب سے زیادہ اسکورآوٹ ہوئے بغیر 115 رن ہے جو انہوں نے زمبابوے کے خلاف بریڈی میں یکم ستمبر2021 کو80 منٹ میں 75بالوں پرآٹھ چوکوں اور اتنے ہی چھکوں کی مدد سے بنایا تھا اور اس میچ میں اپنی ٹیم کی 40 رن کی جیت میں ایک اہم کردار ادا کیا تھا۔
سب سے کم میچوں میں تیرہ صفر روانڈا کے زیپی بیمین یامانا نے حاصل کئے ہیں۔دائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے2021 اور2025 کے درمیان جو91 میچ کھیلے ہیں انکی58 اننگوں میں8.17 کی اوسط اور127.73 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ کسی نصف سنچری کے بغیر327 رن بنائے تھے۔ وہتیرہ مرتبہ صفر کا شکار ہوئے تھے اور ان کا سب سے زیادہ اسکور30 رن ہے جو انہوں نے یوگینڈا کے خلاف روانڈا میں28 اگست2023 کو 20 بالوں پر دو چوکوں اور اتنے ہی چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔یہ میچ انکی ٹیم آٹھ وکٹ سے ہارگئی تھی۔
روانڈا کے ہی کیون ایراکوز نے2021 اور2024 کے درمیان جو75 میچ کھیلے انکی56 اننگوں میں10.17 کی اوسط اور106.22 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ ایک نصف سنچری کے ساتھ478 رن بنائے۔ وہ تیرہ مرتبہ اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے اور ان کا سب سے زیادہ اسکور تنزانیہ کے خلاف روانڈا میں21 ااگست2023 کو33 بالوں پر سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔ اس میچ میں انکی ٹیم سات وکٹ سے فاتح رہی تھی۔
بنگلہ دیش کے بائیں ہاتھ کے بلے باز سومیا سرکار بھی تیرہ مرتبہ صفر کا شکار ہوئے ہیں۔ انہوں نے 2015 اور2024 کے درمیان جو87 میچ کھیلے انکی86 اننگوں میں17.82 کی اوسط اور122.13 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ پانچ نصف سنچریوں کی مدد سے1462 رن بنائے۔ وہ تیرہ مرتبہ صفر پر آوٹ ہوئے اور ان کا سب سے زیادہ اسکور68 رن رہا جو انہوں نے زمبابوے کے خلاف ہرارے میں25 جولائی2021 کو70 منٹ میں49 بالوں پر نو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے بنایا تھا۔ انکی ٹیم اس میچ میں پانچ وکٹ سے فاتح رہی تھی۔