نوح،میوات،سماج نیوز سروس: ملک میں جاری خصوصی ووٹر ریویو مہم کے پیش نظر کانگریس مکمل طور پر الرٹ موڈ میں ہے اور بدھ کے روز نوح سے کانگریس کے رکن اسمبلی چوہدری آفتاب احمد کی قیادت میں ضلعی کانگریس وفد نے نوح کے ضلعی ڈپٹی کمشنر اکھل پلانی سے ملاقات کی۔اس موقع پر ووٹر ڈیٹا بیس میپنگ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور عوام میں موجود شبہات کو دور کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی۔رکن اسمبلی آفتاب احمد نے ضلعی کمشنر کو تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ یکم جنوری 2002 سے قبل کے ووٹر لسٹ کے دستاویزات کو ڈیٹا بیس میپنگ کیلئے قابل قبول قرار دیا جائے اور سافٹ ویئر میں 40 سال سے زائد عمر کے افراد کے بچوں کو شامل کرنے کا انتظام کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ بی ایل او گھر گھر جا کر ووٹرز کی میپنگ کرے اور سیاسی جماعتوں کو انتظامیہ کے ساتھ شامل کر اجلاس منعقد کیے جائیں تاکہ شفافیت اور عوامی اعتماد قائم رہے۔ آفتاب احمد نے عوام میں پائے جانے والے یہ تاثر بھی دور کرنے کی ضرورت پر زور دیا کہ جن ووٹرز کی میپنگ نہیں ہوگی ان کے ووٹ کاٹ دیے جائیں گے تاہم ضلعی کمشنر اکھل پلانی نے یقین دہانی کرائی کہ اس عمل کا مقصد کسی کا ووٹ ختم کرنا نہیں ہے اور نہ ہی کسی کے ووٹ کی خلاف ورزی ہوگی بلکہ میپنگ نہ ہونے کی صورت میں بھی عوام کو موقع دیا جائے گا کہ وہ اپنے دستاویزات سے تصدیق کرائیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے یہ بھی بتایا کہ فیروز پور جھرکا میں 70 فیصد نوح میں 68 فیصد اور پونہانہ میں 66 فیصد ووٹر میپنگ مکمل ہو چکی ہے۔رکن اسمبلی نے کہا کہ ووٹر میپنگ کے حوالے سے عوام کو آگاہ کرنے کے لیے کانگریس کارکن گاؤں گاؤں جا کر عوامی رابطہ مہم چلائیں گے اور انتخابی محکمے اور ضلعی انتظامیہ سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ آگاہی مہم میں بھرپور حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ ووٹر میپنگ کے حقائق عوام تک پہنچانا ہر کسی کی ذمہ داری ہے چاہے وہ انتخابی کمیشن ہو ، انتظامیہ ہو یا سیاسی جماعت اور شفاف و درست ڈیٹا بیس میپنگ کرانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ آفتاب احمد نے مزید کہا کہ بی ایل او کے ذریعہ گھر گھر جا کر ووٹر میپنگ کی کارروائی عملی جامہ پہنانا انتہائی ضروری ہے کیونکہ ووٹ جمہوریت میں سب سے بڑا حق ہے اور اس کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔صحافیوں سے گفتگو میں رکن اسمبلی نے کہا کہ ملک میں اگر کسی جماعت نے عوام کے ووٹر حقوق کی حفاظت کرنی ہے تو وہ کانگریس ہے۔ حال ہی میں ملک بھر میں ووٹنگ میں دھوکہ دہی کی خبریں سامنے آئیں ۔ جسے راہل گاندھی نے عوام کے سامنے رکھا۔ کانگریس ملک کے عام فرد کی لڑائی لڑ رہی ہے اور ہر سطح پر عوام کے ووٹ کے تحفظ کے لیے سرگرم عمل ہے۔ اس موقع پر راجندر ہڈا نائب تحصیلدار انتخابات ، پی سی سی رکن چوہدری مہتاب احمد،حاجی خان، سہراب سرپنچ مالب،نعیم اقبال فیروزپور نمک و الطاف ڈی کے سمیت دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔












