نئی دہلی ، کارپوریشن میں ڈپٹی میئر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد آل محمد اقبال کا دہلی کے مختلف علاقوں کا دورہ جاری ہے ۔ اسی سمت انھوںنے آج ترلوک پوری میں جاکر نہ صرف علاقہ کا دورہ کیا بلکہ مقامی لوگوںسے بھی بات چیت کی۔ ان کے ہمراہ مقامی کونسلر وجے کمار ، ڈپٹی کمیشنر کے علاوہ سبھی اعلی افسران موجود تھے۔ مہرولی ، چھتر پوروغیرہ کا دورہ کرنے کے بعد آج ڈپٹی میئر آل محمد اقبال نے ترلوک پوری وارڈ کا دورہ کیا۔ ان کا مقصد دہلی کے سبھی وارڈ کا دورہ کرنا ہے تاکہ وہاں کے مقامی لوگوں کی پریشانیوں کو سنا جاسکے اور ان کا حل کیا جاسکے۔ انھوںنے ترلوک پوری وارڈ میں پیدل مارچ کر مقامی لوگوںسے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ مقامی لوگوںنے بھی صفائی ، پانی ،سیور سے متعلق مسائل درج کرائے جس پر ڈپٹی میئر نے اپنے ہمراہ موجود افسران کو ہدایت دی کہ وہ جلد ان مسائل کو حل کر اس کی رپورٹ پیش کریں۔ اس دوران انھوںنے کہاکہ میں سبھی وارڈ کا دورہ کروںگا۔ اس کے بعد میں جلد ہی جمنا پار علاقہ جیسے سیلم پور، مصطفی آباد ،بابر پور اسمبلی حلقوں کے وارڈ کا بھی دورہ کروں گا۔ انھوںنے کہاکہ میں جہاں جارہا ہوں وہاں کے لوگوں کے مسائل باقاعدہ نوٹ کئے جارہے ہیں اوران مسائل کے حل کے لیے میں خود مانیٹرنگ کروںگا اور متعلقہ افسران سے وقت بہ وقت جواب بھی طلب کیا جائے گا ۔












