بھراڑی سین (گیرسین)، (یواین آئی) اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے پیر کو یہاں واقع اسمبلی بھون میں مالی سال 2026-27 کے لیے ایک لاکھ 11 ہزار 703 کروڑ روپے سے زیادہ کا بجٹ پیش کیا۔ مسٹر دھامی کے پاس وزیر خزانہ کا بھی قلمدان ہے۔ آج اسمبلی میں صبح گورنر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) گُرمیت سنگھ کے خطاب کے بعد شروع ہوئے بجٹ اجلاس میں دوپہر کے کھانے کے وقفے کے بعد وزیر خزانہ کی حیثیت سے مسٹر دھامی نے مالی سال 2026-27 کا بجٹ پیش کیا۔ اس بجٹ میں مالی سال 2025-26 کے مقابلے میں 10.41 فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی 2536.33 کروڑ کا ریونیو سرپلس دکھایا گیا ہے۔ مالیاتی نظم و ضبط کے تحت ریاست کا مالیاتی خسارہ جی ایس ڈی پی کے تین فیصد کی حد کے اندر رکھا گیا ہے۔ اسی طرح عوامی قرض بھی جی ایس ڈی پی کے 32.50 فیصد کی مقررہ حد کے اندر برقرار رکھا گیا ہے۔ مسٹر دھامی نے اپنے بجٹ خطاب میں کہا کہ تیسرے عشرے کو اتراکھنڈ کا عشرہ بنانے کے نیک خیال کو حقیقت میں بدلنے کے لیے مضبوط اتراکھنڈ کی تعمیر کے لیے، ترقی یافتہ اتراکھنڈ بنانے کے عزم کے ساتھ دیو بھومی کی عظیم عوامی طاقت کی اجتماعی توانائی سے مالی سال 2026-27 کے بجٹ تخمینے پیش کر رہا ہوں۔












