دیوبند،سماج نیوز سروس: جامعہ طبیہ دیوبند میڈیکل کالج کے سرپرست ڈاکٹر انور سعید نے رمضان المبارک ماہ کے دوران روزہ رکھنے والے ذیابیطس کے مریضوں کے نام جاری ایک پیغام میں کہا ہے کہ شوگر کے مرض سے متاثرہ روزہ دار اس ماہ مبارک میں اپنے کھانے پینے کے ساتھ دوائوں کے استعمال کا خصوصی اہتمام کریں ۔انہوں نے کہا کہ کھانے پینے میں احتیاط اور جانچ کرانے کے علاوہ نقصان دینے والی خوردو نوش کی اشیاء کے استعمال کو نظر انداز کرکے اپنی صحت کو برقرار رکھا جاسکتا ہے ۔ڈاکٹر انور سعید نے بتایا کہ روزہ افطار کے وقت کھجور کے ساتھ پھل ،جوس ،ڈرائی فروٹس ،انڈا ،مچھلی اورسبزیوں کا استعمال فائدہ مند ثابت ہوگا ۔انہوں نے شوگر کے مرض میں مبتلاافراد کو مشورہ دیا کہ وہ تلی ہوئی چیزیں پکوڑی ،سموسے ،کیک یا پیسٹری کا استعمال ہرگز نہ کریں کیونکہ یہ تمام چیزیں شوگر کے لیول کو بڑھا دیتی ہیں ۔اسی طرح سحری کے وقت دودھ ،روٹی ،سبزی ،ڈرائی فروٹس اور غذائیت والی چیزوں کے استعمال کو ترجیح دیں اور میٹھی چیزیں یا زیادہ نمکین چیزوں سے بھی پرہیز ضروری ہے ۔ڈاکٹر انور سعید نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ افطار اور سحری کے وقت مجموعی طور پر کم ازکم آٹھ گلاس پانی لازمی طور پر پینے چاہئیں تاکہ جسم میں پانی کی کمی واقع نہ ہو ۔انہوں نے کہا کہ رمضان کے مہینہ میں خاص طور پروقفہ وقفہ سے شوگر کی جانچ کراتے رہیں ۔اور ساتھ ساتھ شوگر کے لئے دوائیں افطار کے بعد استعمال کریں اور سحری کے وقت نظر انداز کریں کیونکہ روزہ کی حالت میں پورے دن خالی پیٹ رہنے سے شوگر لیول کم ہونے کا خطرہ رہتا ہے ۔انہوں نے شوگر کے مریضوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ جانچ کرانے کے ساتھ نقصان دہ اشیاء کے استعمال سے پرہیز رکھنا سب سے اچھا عمل ہے تاکہ رمضان المبارک کے روزوں کے دوران کسی بھی طرح کی پیچیدگی اور پریشانی سے بچا جاسکے ۔












