ہانگ کانگ (یو این آئی ) کرکٹ ہانگ کانگ نے منگل کو اعلان کیا کہ تجربہ کار ہندوستانی کرکٹر دنیش کارتک آئندہ باوقار ہانگ کانگ سکسز 2025 میں ٹیم انڈیا کی کپتانی کریں گے، جو 7 نومبر سے منعقد ہوگا۔ اپنے وسیع بین الاقوامی تجربے، شاندار قائدانہ صلاحیتوں اور دھماکہ خیز بلے بازی کے لیے پہچانے جانے والے، کارتک کی بطور کپتان شمولیت شائقین کو متاثر کرے گی اور ٹورنامنٹ کی مسابقتی روح کو بڑھا دے گی۔ اس موقع پر کرکٹ ہانگ کانگ کے چیئرمین برجی شراف نے کہا،ہانگ کانگ سکسز 2025 کے لیے دنیش کارتک کو ٹیم انڈیا کے کپتان کے طور پر خوش آمدید کہتے ہوئے ہمیں خوشی ہو رہی ہے۔ ان کی قیادت اور تجربہ اس مقابلے میں بے پناہ اہمیت کا اضافہ کرے گا اور ہمیں یقین ہے کہ ان کی موجودگی دنیا بھر کے شائقین کو اس شاندار کرکٹ میلے کا مشاہدہ کرنے کے لیے راغب کرے گی۔ کپتان کے طور پر اپنی تقرری پر، ہانگ کانگ سکسز کے لیے ٹیم انڈیا کے کپتان دنیش کارتک نے کہا ہانگ کانگ سکسز میں ٹیم انڈیا کی قیادت کرنا میرے لیے ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔ہانگ کانگ سکسز 2025 تیز رفتار کرکٹ، بین الاقوامی ستاروں اور بے مثال تفریح کا ایک پرجوش امتزاج ہے، جو دنیا کے سب سے دلچسپ مختصر فارمیٹ کے ٹورنامنٹ میں سے ایک کے طور پر اس کی ساکھ کو مضبوط کرتا ہے۔