اسرائیل:لبنان میں جنگ بندی کی تجویز کو مسترد کرنے کے اپنے مؤقف کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اپنے موقف میں نرمی دکھائی ہے۔ اس سے قبل اسرائیل کے انکار پر امریکہ میں ناراضی کے اثار پیدا ہوئے تھے۔ اسرائیل نیویارک میں جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر مباحثوں میں بھی شریک تھا۔
نیتن یاہو نے جمعہ کو ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی ٹیموں نے گزشتہ روز جنگ بندی کے لیے امریکی تجاویز پر تبادلہ خیال کے لیے اجلاس کیے ہیں اور ہم آنے والے دنوں میں بھی بات چیت جاری رکھیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم امریکی کوششوں کو سراہتے ہیں۔ ہم شمالی اسرائیل کے رہائشیوں کو ان کے گھروں کو بحفاظت واپس پہنچانے کے مشترکہ مقصد کے ساتھ آگے بڑھ سکتے ہیں اور ہم آنے والے دنوں میں ان بات چیت کو جاری رکھیں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ اسرائیل امریکی کوششوں کو سراہتا ہے کیونکہ خطے میں استحکام اور سلامتی کو فروغ دینے میں امریکہ کا کردار ناگزیر ہے۔
نیتن یاہو کے یہ بیانات کل شام وائٹ ہاؤس کی جانب سے اس بات کی تصدیق کے بعد سامنے آئے ہیں کہ لبنان میں جنگ بندی کی بین الاقوامی اپیل اسرائیل کے ساتھ "ہم آہنگی” سے شروع کی گئی تھی۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان کرائن جین پیئر نے صحافیوں کو بتایا کہ بیان پہلے ہی اسرائیلی فریق کے ساتھ رابطہ ہو چکا ہے۔
اسرائیلی وزیر اعظم نے جمعرات کو نیویارک پہنچنے پر اعلان کیا کہ لبنان میں حملے اور لڑائی سختی سے جاری رہے گی۔ اس سے قبل نیتن یاہو کے دفتر کے ایک ذریعہ نے کہا تھا کہ نیتن یاہو نے حزب اللہ کے خلاف حملے روکنے کے لیے گرین لائٹ دے دی ہے۔
مشرقی لبنان کے علاقے البقاع کے کئی علاقوں پر رات کی بمباری کے بعد لگاتار پانچویں دن بھی اسرائیل نے جنوب میں واقع قصبوں پر دوبارہ حملے شروع کر دیے۔
العربیہ کے نامہ نگار نے جمعہ کے روز اطلاع دی ہے کہ جنوبی قصبے شبعا میں ایک گھر پر اسرائیلی حملے میں نو افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ بنت جبیل ضلع میں بھی ایک کار کو نشانہ بنایا گیا جس میں 3 افراد مارے گئے۔
حملوں میں ميفدون، جويا، الخيام، خرب سلم، زوطر الشرقي، الرماديہ اور قبريخا کو نشانہ بنایا گیا۔ جنوب کے علاقوں برعشيت، كونين، بيت ياحون اور حولا پر بھی حملے کیے گئے۔
اس دوران لبنان کی جانب سے اسرائیل کی جانب متعدد راکٹ فائر کیے گئے۔ العربیہ یا الحدث کے نمائندے نے وضاحت کی کہ خلیج حیفا میں سائرن بجائے گئے۔ ایک راکٹ خلیج حیفا میں گرا اور دوسرا اس کے شمال میں۔ طبریاس اور اس کے اطراف میں بھی راکٹ داغے گئے۔
جمعرات کو لبنان کی وزارت صحت نے اعلان کیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں 92 افراد ہلاک اور 153 زخمی ہوئے۔لبنان کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق پیر کے روز سے اسرائیلی حملوں میں 700 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ان شہدا میں بہت سی خواتین بچے اور عام شہری شامل ہیں۔اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 90,000 سے زیادہ افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔












