جالے: محمد رفیع ساگر : مقامی تھانہ کے قاضی بہیڑہ پنچایت کے وارڈ نمبر 1 میں پیر کی دیر رات آم کے درخت کی ڈال کاٹنے کے تنازع نے خونی رخ اختیار کر لیا، جس کے نتیجے میں 56 سالہ اودھیش چوپال کی موت ہو گئی، جبکہ دونوں فریقین کے کم از کم 8 افراد زخمی ہو گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ زخمی حالت میں اودھیش چوپال کو علاج کے لیے سی ایچ سی لے جایا جا رہا تھا، مگر انہوں نے راستے میں ہی دم توڑ دیا۔ مہلوک کی بیوی سریکھا دیوی کے فرد بیان پر پولیس نے مخالف فریق کے 12 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ واقعہ کے بعد تمام ملزمان فرار بتائے جا رہے ہیں۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایم سی ایچ بھیج دیا ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق دونوں فریق آپس میں ہم زلف (رشتہ دار) ہیں اور آم کے درخت کی ڈال کاٹنے کو لے کر شروع ہوا معمولی تنازع اچانک شدت اختیار کر کے مارپیٹ میں تبدیل ہو گیا۔صدر سرکل 2 کمتول کے ڈی ایس پی ایس کے سمن نے موقع پر پہنچ کر واقعہ کی جانکاری لی اور کہا کہ معاملہ سنگین ہے، پولیس ہر پہلو سے تفتیش کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قصورواروں کی جلد گرفتاری یقینی بنائی جائے گی اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔تھانہ انچارج سندیپ کمار پال کے مطابق معاملے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مسلسل چھاپہ ماری کی جا رہی ہے۔












