سرینگر ، ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ نے ضلع کے مختلف سرکاری دفاتر کا اچانک معائنہ کیا جس دوران ڈیوٹی سے غیر حاضر پانے والے 14ملازمین کو معطل کیا گیا ۔ دورے کے دوران انہوں نے مختلف دفاتر میں کام کاج کا بھی جائزہ لیا ۔ نمائندے نے کپواڑہ سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر کپواڑہ ڈاکٹر ڈیفوڈ ساگر نے ضلع میں مختلف سرکاری دفاتر کا اچانک معائنہ کیا تاکہ افسران کی حاضری کی جانچ کی جاسکے ۔ معلوم ہو اہے کہ ضلع ترقیاتی کمشنر نے اے سی ڈی دفتر ،اے سی پی دفتر ، ایگزیکٹیو انجینئر آر ای ڈبلیو، تحصیلدار آفس کپواڑہ، جے کے ای ڈی آئی، ڈی ای سی سی اور پراسیکیوشن دفاتر کا معائنہ کرکے وہاں کام کاج کا جائزہ لیا ۔ اچانک دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے 14 ملازمین کو غیر مجاز طور پر اپنی ڈیوٹیوں سے غیر حاضر پایا اور انہیں معطل کر دیا۔ معطل شدی ملازمین میں محکمہ دیہی ترقی کے 11 اور تحصیلدار آفس کپواڑہ کے 3 ملازمین شامل ہیں۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے محکموں کے کاموں کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ڈپٹی کمشنر نے افسران و ملازمین پر زور دیا کہ وہ اپنی ڈیوٹی وقت کی پابندی کے ساتھ کریں۔ڈپٹی کمشنر نے تحصیل آفس کپواڑہ کے ریکارڈ روم کا بھی معائنہ کیا جس کے دوران انہوں نے پرانے ریکارڈ کو طریقہ کار کے مطابق لگانے کی ہدایت دی تاکہ تازہ ترین ریکارڈ کی دیکھ بھال کیلئے مناسب جگہ مہیا کی جا سکے۔اس موقعہ پر انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے فرایض اور خدمات کو خوش اسلوبی سے انجام دیں تاکہ لوگوں کو کسی بھی طرح کے مشکلات کا سامنا نہ ہو ۔