دبئی،(یواین آئی ) متحدہ عرب امارات میں جاری ‘ڈبلیو ٹی اے 1000’ ٹینس ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ میں روسی کھلاڑی میرا ایندریوا اور سوئٹزرلینڈ کی بیلنڈا بینچچ خوش قسمت رہیں، جنہیں اپنے حریفوں کے دستبردار ہونے پر ‘واک اوور مل گیا۔ دوسری جانب امریکہ کی جیسیکا پیگولا نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔حال ہی میں ابوظہبی خطاب جیتنے والی چیک جمہوریہ کی سارہ بیجیک پیٹ کی تکلیف کی وجہ سے دستبردار ہوئیں، جس کا فائدہ بیلنڈا بینچچ کو ہوا اور وہ براہِ راست تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئیں۔امریکہ سے تعلق رکھنے والی چوتھی سیڈ جیسیکا پیگولا نے یکطرفہ مقابلے کے بعد واروارا گراچیوا کو 6-4 اور 6-0 سے شکست دے کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا۔ اب ان کا مقابلہ اپنی ہی ہم وطن کھلاڑی ایوا جووچ سے ہوگا۔دبئی ٹینس چیمپئن شپ، جو دنیا کے 10 بڑے ‘ڈبلیو ٹی اے 1000’ مقابلوں میں شمار ہوتی ہے، اس وقت بڑے ناموں کی کمی کا شکار ہے۔ عالمی نمبر ایک آرینا سبالینکا اور چھ مرتبہ کی گرینڈ سلیم فاتح ایگا سویٹیک پہلے ہی ایونٹ سے دستبردار ہو چکی ہیں۔ اس کے علاوہ، سیکنڈ سیڈ امانڈا انیسیموا کو بھی گزشتہ روز باربورا کریزیکووا کے پیچھے ہٹنے پر واک اوور مل چکا ہے۔












