کانپور، عید الفطر اور جمعۃ الوداع کے حوالہ سے جمعیۃ علماء شہر کانپور کے عہدیداران پر مشتمل ایک نمائندہ وفد نے جمعیۃ علماء یوپی کے نائب صدر مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی کی قیادت میں آج کچہری واقع دفتر میں کانپور پولس کمشنر پی پی جوگدنڈ سے ملاقات کر مطالبات پر مبنی محضرنامہ سونپا۔ مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے پولس کمشنر سے بتایا کہ جمعیۃ علماء سڑک جام کرکے نماز پڑھنے کی تائید یا حمایت نہیں کرتی لیکن عیدالفطر اور جمعۃ الوداع کے موقع پر بڑی تعداد میں لوگ مصلیان مساجد اور عید گاہوں میں نماز ادا کرنے کے مقصد سے جمع ہوتے ہیں، کئی مرتبہ تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے مسجد کے باہری حصہ حتی کہ سڑک تک پر لوگوں کو نماز ادا کرنی پڑتی ہے، ایسی صورتحال میں عارضی طور پر جگہ کا انتظام کرنے میں مساجد اور عیدگاہ کمیٹی کے ذمہ داران کا تعاون کیا جائے۔ لاؤڈ اسپیکر کے تعلق سے عدالتی گائڈ لائن پر عمل کرنے کے باوجود کئی مقامات خصوصاً آؤٹر کے علاقوں سے افسران کے ذریعہ مساجد کے ذمہ داران کو پریشان کرنے کی خبریں موصول ہوتی رہتی ہیں، ایسے میں اس پرخصوصی توجہ کی ضرورت ہے کہ عیدالفطر اور جمعۃ الوداع کے موقع پر اذان اور نماز کے وقت کسی کو پریشان نہ کیا جائے۔اس کے علاوہ قبل از وقت بجلی کے تار، کھمبے، ٹرانسفارمر وغیر چیک کرا لیں تاکہ بجلی کٹوتی کا مسئلہ نہ پیدا ہو سکے۔چاند رات کو بڑی تعداد میں لوگ عید کی خریداری کے لئے باہر نکلتے ہیں، کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے، اس کے لئے خصوصی احتیاط سے کام لیا جائے۔ محلوں میں پانی، صفائی، عیدگاہ جانے کے راستوں کی مرمت کرا دی جائے۔آخر میں کہا کہ عیدالفطر خوشیوں کا تہوار ہے، ایسے میں لوگوں کے ساتھ نرمی کا معاملہ کرتے ہوئے چھوٹے موٹے مسائل اور کمیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے معاون بن کر مثبت انداز سے چیزوں کو حل کرنے کی کوشش کی جائے۔پولس اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے بھی کوئی ایسا عمل نہ کیا جائے جس سے لوگوں میں دوریاں اور بے چینی کی کیفیت پیدا ہو۔ پولس کمشنر نے عہدیداران کی بات بغور سماعت کرنے کے بعد یقین دہانی کرائی کہ جس طرح پر امن طریقے سے رمضان کا مہینہ گزرا ہے، اسی طرح عید اور جمعۃ الوداع کے موقع پر بھی کسی طرح کی پریشانی نہیں آنے دی جائے گی،بتائے گئے مسائل کی روشنی میں افسران کے ساتھ میٹنگ کر رہنما ہدایات جاری کر دی جائیں گی۔ وفد میں مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی کے ساتھ شہری صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خاں، سکریٹری زبیر احمد فاروقی، آفس سکریٹری محمد سعد حاتم، صادق امین شریک رہے۔












