نئی دہلی :دہلی میں میئر کا انتخاب 22 فروری (بدھ) کو ہوگا۔ لیفٹیننٹ گورنر (ایل جی) نے دہلی حکومت کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ میونسپل کارپوریشن ہائوس (ایم سی ڈی) کی گزشتہ تین میٹنگوں میں میئر کا انتخاب نہیں ہوسکا۔ اس کے ساتھ ہی اب 22 فروری کو صبح 11 بجے ایم سی ڈی ہائوس کی میٹنگ بلانے کی منظوری دی گئی ہے، اسی دن میئر کا انتخاب بھی ہوگا۔ وزیر اعلی اروند کجریوال نے صبح لیفٹیننٹ گورنر کو خط لکھا۔ خط میں لیفٹیننٹ گورنر سے کہا گیا تھا کہ وہ 22 فروری کو میئر کا انتخاب کرائیں۔دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے ہفتے کے روز لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ سے 22 فروری کو میئر کے انتخاب کرانے کی سفارش کی۔ چیف منسٹر کی یہ سفارش سپریم کورٹ کی جانب سے میئر اور اسٹینڈنگ کمیٹی کے ارکان کے انتخاب کے لیے 24 گھنٹے کے اندر ایم سی ڈی کی پہلی میٹنگ بلانے کا حکم دینے کے بعد سامنے آئی ہے۔سپریم کورٹ نے جمعہ کو یہ بھی کہا تھا کہ ایم سی ڈی میں لیفٹیننٹ گورنر کے ذریعہ نامزد کردہ ممبران میئر کے انتخاب میں ووٹ نہیں دے سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، سی ایم کجریوال نے ایک ٹویٹ میں کہا، ”دہلی کے میونسپل کارپوریشن کے میئر کا انتخاب 22 فروری کو کرانے کی سفارش کی گئی ہے“۔اب تک ہونے والے تین اجلاسوں میں میئر کا انتخاب نہیں ہو سکاتھا۔واضح کردیں کہ دہلی میونسپل کارپوریشن ایکٹ 1957 کے مطابق میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب ایم سی ڈی انتخاب کے بعد ایوان کی پہلی میٹنگ میں ہونا چاہیے۔ بلدیاتی انتخابات گزشتہ سال 4 دسمبر کو ہوئے تھے اور نتائج آنے کو دو ماہ گزر جانے کے باوجود ابھی تک میئر کا انتخاب نہیں ہو سکا ہے۔ نامزد ارکان کے حق رائے دہی کو لے کر ’آپ‘ اور بی جے پی کے درمیان تعطل کی وجہ سے اب تک ہوئی تین ایم سی ڈی میٹنگوں میں میئر کا انتخاب نہیں ہوسکا۔بلدیاتی انتخاب کے بعد ایم سی ڈی ہائوس کی پہلی میٹنگ 6 جنوری کو عام آدمی پارٹی (اے اے پی) اور بی جے پی ارکان کے درمیان ہنگامہ آرائی کی وجہ سے ملتوی کردی گئی تھی۔ ’آپ’ کو دہلی میونسپل کارپوریشن کے 250 رکنی ایوان میں 134 کونسلروں کے ساتھ اکثریت حاصل ہے۔ ایوان میں بی جے پی کے 104 ارکان ہیں۔ عام آدمی پارٹی نے الزام لگایا تھا کہ بی جے پی نامزد ارکان کو ووٹنگ کا حق دے کر مینڈیٹ چرانا چاہتی ہے۔












