لندن ( آئی این ایس انڈیا )
لمبی بیماری کے بعد انگلینڈ کے سابق مڈل آرڈر بلے باز گراہم تھورپ کی موت ہوگئی۔ ان کی عمر محض 55 برس تھی۔ یہ معلومات پیر کو انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے دی۔ تھورپ نے 1993 سے 2005 کے درمیان انگلینڈ کے لیے 100 ٹیسٹ میچ کھیلے جس میں انہوں نے 44.66 کی اوسط سے 6,744 رنز بنائے جس میں 16 سنچریاں بھی شامل تھیں۔ اس کے بعد انہوں نے سینئر مینز ٹیم کے بیٹنگ کوچ کا کردار بھی ادا کیا2010 میں وہ انگلینڈ کی ٹیم کے چیف بیٹنگ کوچ بنے۔ اس کے بعد انہوں نے انگلینڈ مینز ٹیم کے لیے کرس سلور ووڈ کے معاون کا کردار بھی ادا کیا۔ تھورپ بھی ٹیم مینجمنٹ کے ان ارکان میں شامل تھے جنہوں نے 2021-22 کی ایشز کے پیش نظر استعفیٰ دیا تھا۔ مارچ 2022 میں افغانستان کے ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے منتخب ہونے کے بعد ہی وہ شدید بیمار ہو گئے تھے جس کی وجہ سے وہ افغانستان کی ٹیم میں شامل نہیں ہو سکے تھے۔تھورپ کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے ای سی بی نے کہاکہ انتہائی دکھ کے ساتھ ہم آپ کو مطلع کرتے ہیں کہ گراہم تھورپ کا انتقال ہو گیا ہے۔ انگلینڈ کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک ہونے کے علاوہ وہ کرکٹ فیملی کے چہیتے افراد میں سے ایک تھے۔ سب نے اس کے ہنر کو پہچانا۔اپنے 13 سالہ کیریئر کے دوران انہوں نے اپنے انگلینڈ کے ساتھیوں اور حامیوں کو اپنے کھیل سے خوش ہونے کے بہت سے مواقع فراہم کیے۔ اس کے بعد بطور کوچ انہوں نے انگلینڈ کی سینئر مینز ٹیم کو بھی مختلف فارمیٹس میں کامیاب کروایا۔












