ریاض (ہ س)۔سعودی عرب میں ‘ویژن 2030’ کے حوالے سے 2024 کی سالانہ رپورٹ کے مطابق گذشتہ برس مجموعی طور پر 7.69 کروڑ افراد نے ملک بھر کے 423 تفریحی مقامات کا رخ کیا۔اسی طرح تفریحی صنعت کے تصور میں ایک انقلابی تبدیلی کا سبب بننے والے "ریاض سیزن” نے گذشتہ سال 1.9 کروڑ سے زیادہ افراد کو خوش آمدید کہا۔یہ تفریحی سرگرمیاں نہ صرف مقامی افراد بلکہ بیرونِ ملک سے آنے والے سیاحوں کے لیے بھی کشش کا باعث بنتی ہیں۔ یہ سعودی عرب میں معیارِ زندگی” کے عناصر میں شامل تفریحی شعبے کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہیں۔ اس شعبے کی ترقی اور تنظیم کی ذمہ داری ‘سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی’ کے سپرد ہے، جو معیاری تفریحی کے مواقع فراہم کرتی ہے۔مذکورہ اتھارٹی جس سمت کام کر رہی ہے اس کا مقصد تفریحی شعبے کو ترقی دے کر قومی معیشت کو مضبوط بنانا، آمدنی کے ذرائع میں تنوع پیدا کرنا، مقامی پیداوار میں اضافہ کرنا، سعودی شہریوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا، مقامی چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں کی مدد کرنا، براہِ راست غیرملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور معاشی و سماجی ترقی کے لیے کام کرنا ہے۔












