بلند شہر،سماج نیوز سروس: اناج گھوٹالہ سامنے آنے کے بعد افسران بھی الرٹ ہو گئے ہیں۔ یہاں سات کے خلاف ایف آئی آردرج کی گئی ہے۔ دوسری جانب حکام کے خلاف کارروائی کے لیے حکومت کو خط بھی ارسال کیا گیا ہے۔صدر میں تعینات سپلائی انسپکٹر کا تبادلہ کر کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر سے منسلک کر دیا گیا ہے۔اناج گھوٹالے میں ایف آئی آر درج ہونے کے ساتھ ہی محکمانہ کارروائی بھی شروع کردی گئی ہے۔ مارکیٹنگ انسپکٹر سدھیر کمار کے خلاف رپورٹ درج کر لی گئی ہے۔ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ فوڈ مارکیٹنگ آفیسر جے اے کریم نے ڈویژنل فوڈ کنٹرولر، میرٹھ ڈویژن، میرٹھ کو ایک خط لکھا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ ڈی ایم کے حکم پر کی گئی جانچ میں مارکیٹنگ انسپکٹر کو قصوروار پایا گیا ہے۔ جس کی وجہ سے ان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس معاملے میں ڈسٹرکٹ مارکیٹنگ آفیسر نے سدھیر کمار کو فوری طور سے معطل کرنے کی سفارش کی ہے۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ سدھیر کمار پر جوٹ بیل بفر گودام خورجہ اور نئی منڈی وا قع گودام کے انچارج ہیں۔ا سٹاف کی کمی کے باعث فوری طور پر مارکیٹنگ انسپکٹر کو منسلک کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب فوڈ اناج گھوٹالے کے حوالے سے ہینڈلنگ اور ٹرانسپورٹیشن ٹھیکیدار رویندر سنگھ کے خلاف بھی رپورٹ درج کرائی گئی ہے۔ ڈسٹرکٹ مارکیٹنگ آفیسر نے رویندر سنگھ کا ٹھیکہ فوری طور پر منسوخ کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں بلیک لسٹ کرنے کی سفارش کی ہے۔ اس کے علاوہ صدر بلاک میں تعینات فوڈ انسپکٹر کا تبادلہ کر کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر سے منسلک کر دیا گیا ہے۔












