نئی دہلی،16؍دسمبر (نمائندہ):معروف ادیب و مصنف فاروق ارگلی کی مرتبہ کتاب’ پدم شری پروفیسر اختر الواسع شخصیت اور کا نامے ‘کاآج رسم اجرا تقریب راجدھانی کے غالب انسٹی ٹیوٹ میں انجمن ترقی اردو( ہند)،نئی دہلی کے زیر اہتمام شاندارطرح سے منعقدکی گئی ، جس میں ملک کی مایہ نازو اہم شخصیات نے شر کت کی ۔
اس موقع پرعالیجناب پد م شری پروفیسر(ڈاکٹر) اختر الواسع(سابق کمشنر برائے لسانی اقلیات اور سابق صدر مولانا آزاد یو نیورسٹی ،جودھپور) نے سبھی مہمانوں بالخصوص انجمن ترقی اردو ہند اور فرید بکڈپوکے ساتھ فاروق ارگلی کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہاکہ میرے اوپر یہ جو کتاب لکھی گئی ہے ،لہذااس کیلئے میں اپنے سبھی محسنوںکا شکریہ ادا کرتے ہوں اور یہ کتاب اپنی والدہ ماجدہ ، اپنے مشفق دوستوں اور صاحبزادہ کی نذر کرتاہوں ۔
پروگرام کے مہمان خصوصی کے طور پرشریک طارق انور (سابق وزیر مملکت ، حکومت ہند)نے پروفیسر اخترا لواسع صاحب کی شخصیت کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہاکہ یہ کتاب آنیوالی نسلوںکیلئے مشعل راہ ثابت ہو گی، ساتھ میںانہوںنے واسع صاحب کی صحت و سلامتی کے ساتھ عمر درازی کیلئے دعا کی ۔مہمان ذی وقار پروفیسر اقبال حسین (کار گزار وی سی ، جا معہ ملیہ اسلامیہ )نے کتاب کے مصنف بالخصوص محترم واسع صاحب کو مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہاکہ اخترالواسع صاحب کی اردو ادب میںخدمات ناقابل فراموش ہیں ، ہم دعا کرتے ہیں کہ وہ اسی طرح مزید قوم و ملت کی خدمت کرسکیں ۔مہمان اعزازی انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کے چیئر مین محمد سراج الدین قریشی نے عالی مرتبت واسع صاحب کی بیش بہا خدمات کے تعلق سے پر سیر گفتگو کی اور کہاکہ موصوف میرے ہمیشہ کرم فرما،محسن ، مربی اور استاد کا مرتبہ رکھتے ہیں ،اللہ تعالی انکی عظیم خدمات کا اپنی بارگاہ بے نیاز میں قبولیت کا شرف عطا فرمائے اور نئی نسل کیلئے قبول بھی فرمائے،آمین۔محمدعتیق(چانسلر،مولاناآزاد یو نیورسٹی ، جودھپور)نے اپنی گفتگو میں پروفیسر واسع صاحب کے ساتھ گزارے لمحات کا تذکرہ کیا اور کہاکہ وہ ہمارے مشفق اور کرم فرما کی بیش بہا خدمات کے تعلق سے جتنی بھی گفتگو کی جائے ،اتنی کم ہے۔بزرگ سوشل ورکراور معروف تاجر حسن رحمت اللہ نے صدارتی تقریر پیش کی اور کتاب کے حوالے سے گفتگو کی ۔فارو ق ارگلی نے ڈاکٹر واسع صاحب کی ہمہ گیر شخصیت کے سلسلے میں بات کرتے ہوئے کہاکہ وہ کبھی کسی بھی شخص کیلئے کدورت نہیںرکھتے ہیں،یعنی نہ کسی کی برائے کرتے ہیں اور نہ ہی کسی مخالفت کرتے ہیں ، اسی وجہ سے آپ ہر فرقہ و مذہب میں بیحد مقبول ہیں ۔ اس دوران دائودی بوہرہ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر شبیر بھوپال والا، خواجہ سیدمحمدنظامی(درگاہ حضرت نظام الدین اولیاءؒ)،فرید بکڈپوکے سرپرست اعلی محمد ناصر خان ،پروفیسرخالدمحمود(سابق چیئر مین ، اردو اکادمی ،دہلی ) ودیگر نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے پدم شری اخترالواسع صاحب کی ادبی و صحافتی ، تدریسی وسماجی سمیت مختلف میدانوں میں کارہائے نمایاںعظیم خدمات کی بھرپور ستائش کی اور انکا سایہ تادیر قائم فرمائے ،اس کیلئے خصوصی طور پر دعا بھی کی ۔قبل ازیںپروگرام کے روح رواں ڈاکٹرمحمد اطہر فاروقی نے استقبالیہ کلمات ادا کئے ،جبکہ نظامت کے فرائض ڈاکٹرخالد مبشر نے بخوبی انجام دئے۔آخر میں پروفیسر اختر الواسع نے شکر یہ کی رسم ادا کی۔اس دوران مختلف یونیورسٹی کے دانشور حضرات کے ساتھ ریسرچ اسکالر اور متعدد سیاسی و سماجی شخصیات نے کثیرتعدادمیں شر کت کی ۔