بنگلور،(یو این آئی ) انجری کے باعث ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 سے باہر ہونے والے تیز گیند باز ہرشیت رانا نے کرکٹ شائقین کے لیے راحت کی خبر دی ہے۔ انہوں نے اطلاع دی ہے کہ ان کے گھٹنے کی کامیاب سرجری ہو گئی ہے۔ہرشیت رانا نے سوشل میڈیا پر اسپتال سے اپنی ایک تصویر شیئر کی، جس میں وہ مسکراتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ اپنے پیغام میں نوجوان پیسر نے کہا کہ اب ان کی تمام تر توجہ دو اہم مشن پر مرکوز ہے: پہلا، تیزی سے صحت یاب ہونا اور دوسرا، ٹیم انڈیا کے اسکواڈ میں دوبارہ واپسی کرنا۔ ان کے اس مثبت پیغام نے ہندوستانی کیمپ کی تشویش کو کافی حد تک کم کر دیا ہے اور ٹیم مینجمنٹ کو امید ہے کہ وہ جلد ہی مسابقتی کرکٹ میں دوبارہ ایکشن میں نظر آئیں گے۔ہرشیت رانا گزشتہ دو سالوں سے نیشنل سیٹ اپ کا باقاعدہ حصہ رہے ہیں، میگا ایونٹ شروع ہونے سے محض ایک دن پہلے جنوبی افریقہ کے خلاف پریکٹس میچ کے دوران وہ انجری کا شکار ہو گئے تھے۔ بالنگ کے دوران ان کے گھٹنے میں تکلیف ہوئی جو تیزی سے بڑھ گئی، جس کی وجہ سے وہ صرف ایک اوور ہی کر سکے اور انہیں میدان چھوڑنا پڑا۔ بعد ازاں طبی معائنے میں تصدیق ہوئی کہ وہ ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ہرشیت رانا کے باہر ہونے کے بعد تجربہ کار فاسٹ با لر محمد سراج کو ہندوستانی ٹیم میں شامل کیا گیا۔ سراج نے اس موقع کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور امریکہ کے خلاف افتتاحی میچ میں تین وکٹیں حاصل کر کے ہندوستان کی 29 رنز سے فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔












