سرینگر ، جموں کے نروال علاقے میں منگل کی صبح اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب ٹرانسپورٹ نگر میں پُر اسر ار طور پر زور دار دھماکہ ہوا ۔ دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ ادھر پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکہ ایک تیل کے ٹینکر میں ہوا اور واقعہ کی تحقیقات جاری ہے ۔ تفصیلات کے مطابق جموں کے ناروال علاقے کے ٹرانسپورٹ نگر میں منگل کو ایک پراسرار دھماکہ ہوا جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔معلوم ہوا ہے کہ دھماکہ 12بجے کے قریب ہوا اور زور دار دھماکہ ہونے کے ساتھ ہی وہاں لوگوں میں افراتفری کا ماحول پھیل گیا جس کے بعد پولیس و سیکورٹی فورسز کی ٹیم جائے واردات پر پہنچ گئی جنہوں نے حالات کا جائزہ لیا ۔ دھماکے کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے ۔ادھر پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکہ تیل کے ٹینکر میں شارٹ سرکٹ ہونے سے ہوا اور اس میں ملی ٹنسی کا کوئی ہاتھ نہیں ہے ۔ جموں کے ایس ڈی پی او ایسٹ ظہیر عباس ظفری نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے میں دھماکہ 12بجکر 15منٹ پر ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ ایک لیک ہونے والے انڈین آئل ٹینکر میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے دھماکہ ہوا ہو، اور اس میں عسکریت پسندوں کے ملوث ہونے کے کوئی اشارے نہیں ملے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دھماکے کی جگہ جو عمارت تھی اس کو فی الحال خالی کیا گیا ہے اور معاملے کی مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہے ۔












