امپھال، 19 جون (یو این آئی) منی پور کے امپھال ویسٹ میں مسلح حملہ آوروں کے حملے میں فوجی جوان زخمی ہوگیا اور متعدد مکانات کو جلا دیا گیا۔فوجی حکام نے بتایا کہ 18 اور 19 جون کی درمیانی رات کو مسلح شرپسندوں نے چھاؤنی سبل سے امپھال ویسٹ کے چنگمانگ گاؤں کی طرف فائرنگ کی۔ فوج کے دستوں نے علاقے میں لوگوں کی موجودگی کو دیکھ کر جوابی کارروائی کی۔فائرنگ میں ایک فوجی جوان زخمی ہوا، اسے ملٹری اسپتال لیماکھونگ لے جایا گیا، جہاں اس کی حالت مستحکم ہے ۔ دریں اثناء امپھال ویسٹ میں نامعلوم بدمعاشوں نے پانچ مکانات کو نذر آتش کر دیا۔منی پور حکومت نے اس دوران خاص طور پر دارالحکومت میں واکی ٹاکی سیٹ کی فروخت اور استعمال پر پابندی لگا دی ہے ۔ انٹرنیٹ پر پابندی 3 مئی سے نافذ ہے ۔ دارالحکومت میں پیر کی صبح 5 بجے سے شام 5 بجے تک کرفیو میں نرمی دی گئی ہے ۔ ضلع کانگپوکپی میں 3 مئی سے شاہراہ بند ہے ۔












