بلال بزاز
سرینگر ،سماج نیوز سروس:جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلہ میں جنوبی کشمیر میں 9ڈی ڈی سی ممبران انتخابات میں اپنی قسمت آزمائی کر رہے ہیں جس سے پہلے مرحلے میں ہونے والے انتخابات کافی دلچسپ نظر آ رہے ہیں کیونکہ تمام امید واروں ایک دوسرے کو سخت ٹکر دینے او ر جیت درج کرنے کی دوڑ میں مصروف ہے ۔ تفصیلا ت کے مطابق جیسے جیسے جنوبی کشمیر میں اسمبلی انتخابات قریب آرہے ہیں9ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل (ڈی ڈی سی) ممبران مختلف سیٹوں سے انتخاب لڑ رہے ہیں جو اپنے مد مقابل امیدواروں کو سخت مقابلہ فراہم کرنے کا وعدہ کر رہے ہیں۔دوڑ میں شامل ہونے والے ڈی ڈی سی ممبران میں وحید الرحمان پرہ ، عبد القیوم میر،اور ڈاکٹر ہربخش سنگھ ضلع پلوامہ سے جبکہ اسی طرح سے شوپیاں ضلع میں اعجاز احمد میر اور راجہ وحید اور ضلع کولگام میں گلزار احمد ڈار اور افروزہ کے علاوہ بلال احمد دیوا اور ایڈو سلیم پیری ضلع اننت ناگ سے شامل ہے ۔ ضلع پلوامہ میں پلوامہڈی ڈی سی کے ممبر وحید الرحمان پرہ جنہیں پہلے مبینہ دہشت گردانہ روابط کی وجہ سے حلف لینے سے روکا گیا تھا، سابق وزیر اور پی ڈی پی کے تین بار ایم ایل اے رہ چکے محمد خلیل بند کے مد مقابلہ کھڑا ہے ۔ ضلع پلوامہ میں پی ڈی پی کی ٹکٹ پر جیت حاصل کرنے والے ڈی ڈی سی ممبران نے پارٹی کا دامن چھوڑ دیاہے اور پارٹی کے سات اصل ارکان میں سے پانچ نے پارٹی چھوڑ دی ہے۔فی الحال ضلع کے پانپور علاقے سے تزیم اور پلوامہ سے وحید الرحمان پرہ پی ڈی پی کے ساتھ وابستہ ہے جبکہ ڈاکٹر ہربخش اور قیوم میر عوامی اتحاد پارٹی میں شامل ہو گئے ہیں۔ ان کے علاوہ سابق ڈی ڈی سی چیئرپرسن ڈاکٹر باری اندرابی نے بھی پی ڈی پی چھوڑ دی ہے اور توقع ہے کہ وہ پلوامہ حلقہ میں نیشنل کانفرنس کی حمایت کریں گے۔اسی طرح سے ضلع شوپیان میں پی ڈی پی کے اصل میں تین ڈی ڈی سی ممبران تھے،اعجاز احمد میر، راجہ وحید اور مظفر احمد وگے تھے۔ وقت گزرنے کے ساتھ، ڈی ڈی سی چیئرپرسن بلقیس بانو اور عبد رشید لون منٹری بگ سمیت اضافی ممبران نے بھی پی ڈی پی میں شمولیت اختیار کی۔ تاہم، ان میں سے بیشتر اب پارٹی سے نکل چکے ہیں، سوائے مظفر احمد وگے کے، جن کے جلد جانے کا امکان ہے۔اعجاز میر اور راجہ وحید نے ٹکٹوں سے انکار کے بعد پی ڈی پی سے استعفیٰ دے دیا ہے اور اب وہ بالترتیب زینہ پورہ اور شوپیاں حلقوں سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔ بلقیس بانو اور عبد رشید لون نے سابق ممبر اسمبلی اعجاز میر کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جن سے زینہ پورہ میں این سی اور پی ڈی پی امیدواروں کے خلاف زبردست حریف ہونے کی توقع ہے۔ راجہ وحید، جو اے آئی پی امیدوار کے طور پر انتخاب لڑ رہے ہیں، کو بھی شوپیاں میں نمایاں حمایت حاصل ہونے کی امید ہے۔ادھر کولگام ضلع کے ڈی کے مارگ سے ڈی ڈی سی ممبر گلزار احمد ڈار، ڈی ایچ پورہ میں پی ڈی پی کے لیے مقابلہ کر رہے ہیں، جہاں پارٹی کے پاس دوسرے نمایاں امیدواروں کی کمی ہے۔ افروزہ بیگم، بیہی باغ، کولگام سے ایک اور ڈی ڈی سی رکن، کولگام اسمبلی سیٹ کیلئے آزاد امیدوار کے طور پر انتخاب لڑ رہی ہیں۔ساتھ ہی اننت ناگ میں ویسو قاضی گنڈ سے ڈی ڈی سی ممبر بلال احمد دیوا، ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی (ڈی پی اے پی) کے ٹکٹ پر اننت ناگ ویسٹ سیٹ سے الیکشن لڑ رہے ہیں، جہاں ان کا مقابلہ این سی کے عبد المجید بٹ لارمی اور پی ڈی پی کے عبدالغفار صوفی سے ہے۔ ڈی ڈی سی کے ایک اور رکن ایڈو سلیم پیری بھی ڈورو اسمبلی حلقہ میں ڈی پی اے پی کے امیدوار ہیں۔ وہ این سی کانگریس اتحاد کے امیدوار جی اے میر اور پی ڈی پی کے محمد اشرف ملک سے مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔












