دیوبند (سماج نیوز سروس) گزشتہ پانچ ماہ سے محلہ خانقاہ کا گیارہ سالہ ایک بچہ لاپتہ تھا، لیکن خانقاہ پولیس چوکی کے سب انسپکٹر مناظر حسن کی سخت جدوجہد اور کوششوں کے بعد بچہ کو دہلی سے برآمد کرکے اس کے والدین کے سپرد کردیا گیا جس کے بعد سے گھر کے لوگوں میں خوشی کا ماحول ہے ۔ چوکی کے سب انسپکٹر مناظر حسن کی جدوجہد اور ان کے جذبہ کی پورے شہر میں تعریف کی جارہی ہے۔ تفصیل کے مطابق محلہ خانقاہ کے باشندہ دلشاد کا گیارہ سالہ گونگا اور سماعت سے محروم بیٹا عامل گم ہوگیا تھا ۔ دلشاد اوراس کے اہل خانہ نے بچہ کو ہر ممکنہ جگہ پر تلاش کیا لیکن بچہ کا کچھ پتہ نہ چل سکا، آخرکار بچہ کے ماں باپ تھک ہارکر گھر بیٹھ گئے، لیکن خانقاہ پولیس چوکی کے سب انسپکٹر مناظر حسن نے اپنے طو رپر دلشاد کے گیارہ سالہ بیٹے عامل کی تلاش جاری رکھی۔ بالآخر مناظر حسن کی جدوجہد رنگ لائی اور گمشدہ عامل گزشتہ روز دہلی کے مکھرجی نگر میں واقع چلڈرن ہوم سے برآمد کرلیا گیا اور دیوبند کوتوالی میں پیش کیا گیا ۔ بعدازاں بچہ کو کوتوالی انچاج سنجیو کمار کی موجودگی میں اس کے والدین کے سپرد کردیا گیا۔ پانچ ماہ کے بعد اپنے گمشدہ بچہ کو پاکر پورے خاندان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ دلشاد اور اس کے پورے خاندان نے خانقاہ پولیس چوکی کے سب انسپکٹر مناظر حسن اور کوتوالی انچارج سنجیو کمار اور تلاش میں تعاون کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ مناظر حسن کے اس جذبہ کی پورے شہر میں ستائش کی جارہی ہے۔












