بیروت:امریکی مرکزی کمان (سینٹ کام) نے بدھ کے روز کہا کہ اس کی افواج نے شام میں داعش کے خلاف 22 سے زیادہ کارروائیوں میں معاونت کی اور ان کو ممکن بنایا جس میں اس گروپ کے پانچ ارکان ہلاک ہو گئے اور 19 کو گرفتار کر لیا گیا۔شام نے حال ہی میں داعش کو شکست دینے کے لیے عالمی اتحاد کے ساتھ سیاسی تعاون کے ایک اعلامیے پر دستخط کیے ہیں اور اس گروپ کے خلاف ملک کے طول و عرض میں وسیع کارروائیاں کر رہا ہے۔سینٹ کام نے کہا کہ یہ کارروائیاں یکم اکتوبر سے 6 نومبر تک ہوئیں۔”شام میں داعش کے خطرے کا مقابلہ کرنے میں ہماری کامیابی قابلِ ذکر ہے،” سینٹ کام کے کمانڈر ایڈمریل بریڈ کوپر نے کہا۔نیز انہوں نے کہا، "ہم داعش مخالف عالمی اتحاد کے ساتھ مل کر کام کرتے ہوئے شام میں داعش کی باقیات کا جارحانہ انداز میں تعاقب جاری رکھیں گے تاکہ یہ یقینی ہو کہ عراق اور شام میں گروپ کے خلاف حاصل ہونے والی کامیابیاں دیرپا ہیں اور داعش اس قابل نہیں ہے کہ وہ دیگر ممالک میں دوبارہ دہشت گردانہ حملے کر سکے۔”












