دیوبند، 23؍ مارچ ،سماج نیوز سروس:اسٹیٹ ہائی وے پر دیوبند کے آبادی والے علاقہ میں تعمیر کئے جانے والے فلائی اوور سے گذرنے والی ایک تیز رفتار بائک بے قابو ہو کر ڈیوائڈر سے ٹکرا گئی۔ اس حادثہ میں بائک سوار نوجوان اور ایک لڑکی شدید طور پر زخمی ہو گئے، جنہیں علاج کے لئے دیوبند کے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ تفصیل کے مطابق دوپہر کے وقت فلائی اوور سے گذرنے والی ایک تیز رفتار کے ٹی ایم بائک اچانک بے قابو ہو کر ڈیوائڈر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجہ میں بائک سوار چنڈیگڑھ کا باشندہ محسن اور جے پور راجستھان کی باشندہ نگینہ شدید طور پر زخمی ہو گئے ۔ اس حادثہ کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور اس نے دونوں زخمیوں کو دیوبند کے سرکاری اسپتال میں علاج کے لئے داخل کرایا۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ نوجوان لڑکا اور لڑکی معاشقہ کے سبب گھر سے فرار ہو کر کہیں جا رہے تھے کہ دیوبند پہنچنے پر ان کے ساتھ یہ حادثہ پیش آ گیا۔ کوتوالی انچارج سنجیو کمار نے بتایا کہ حادثہ میں زخمی ہونے والے نوجوان اور لڑکی کو علاج کے لئے مقامی سی ایچ سی میں داخل کرایا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس حادثہ کی اطلاع لڑکی کے اہل خانہ کو دے دی گئی ہے۔