ایڈیلیڈ، (یواین آئی) برازیل کے کم عمر ٹینس کھلاڑی جواؤ فونسیکا نے ہفتے کے روز کمر کے درد کے باعث مسلسل دوسرے ٹورنامنٹ سے دستبرداری اختیار کر لی، جس سے آسٹریلین اوپن کی تیاری پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔عالمی درجہ بندی میں 29ویں نمبر پر موجود فونسیکا، جنہوں نے گزشتہ سیزن میں باسل اور بیونس آئرس میں خطابات جیتے تھے، آئندہ ہفتے ہونے والے ایڈیلیڈ انٹرنیشنل سے دستبردار ہو گئے ہیں، جبکہ وہ اس سے قبل برسبین انٹرنیشنل میں بھی شرکت نہیں کر پائے تھے۔ 19 سالہ برازیلی کھلاڑی گزشتہ ہفتے کمر کے نچلے حصے میں چوٹ کے باعث برسبین انٹرنیشنل سے بھی دستبردار ہو گئے تھے، اور اب اسی وجہ سے وہ ایڈیلیڈ میں اے ٹی پی 250 ٹورنامنٹ میں بھی شرکت نہیں کر سکیں گے۔فونسیکا نے ایک پریس کانفرنس میں کہا، "بدقسمتی سے میں یہاں نہیں کھیل پا رہا ہوں۔ یہ فیصلہ کرنا مشکل تھا۔ مجھے لگا کہ جن دنوں ہم پریکٹس کر رہے تھے، ہر دن کچھ بہتری محسوس ہو رہی تھی، لیکن یہ کہنا مشکل ہے کہ میں سو فیصد فٹ ہوں۔”انہوں نے مزید کہا، ہماری پوری کوشش ہے کہ آسٹریلین اوپن کھیلنے کے لیے سو فیصد فٹ ہو سکیں، کیونکہ یہی ہمارا بنیادی ہدف ہے۔ اس بارے میں حتمی فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا۔ ہم کھیلنا چاہتے ہیں اور ہمیں لگتا ہے کہ یہ ممکن ہو سکتا ہے۔ اسی لیے ہم ریکوری پر توجہ دینا چاہتے ہیں۔ بدقسمتی سے میں یہاں نہیں کھیل سکا، لیکن امید ہے کہ اگلے سال مزید مضبوط ہو کر واپس آؤں گا۔”اے ٹی پی رینکنگ میں 29ویں نمبر پر موجود فونسیکا اب آسٹریلین اوپن کی تیاری کے لیے میلبورن جائیں گے، جہاں انہوں نے 2025 میں اپنے پہلے ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ کوالیفائنگ راؤنڈ سے آگے بڑھنے کے بعد، انہوں نے ایک بڑے ٹورنامنٹ میں اپنے پہلے مین ڈرا میچ میں اُس وقت کے عالمی نمبر 9 آندرے روبلیو کو اسٹریٹ سیٹوں میں شکست دی تھی۔فونسیکا نے گزشتہ فروری میں بیونس آئرس میں اپنی پہلی اے ٹی پی ٹور ٹرافی جیتی تھی، جس کے بعد اکتوبر میں باسل میں اے ٹی پی 500 ٹورنامنٹ جیت کر اپنے کیریئر کا سب سے بڑا خطاب اپنے نام کیا۔ 2024 نیکسٹ جین اے ٹی پی فائنلز کے چیمپئن فونسیکا نومبر کے آغاز میں اپنے کیریئر کی بہترین عالمی درجہ بندی 24 تک پہنچے تھے۔فونسیکا نے کہا، "مجھے پیدائش کے وقت سے ہی کمر کے مسائل کا سامنا تھا ۔ مجھے پانچ سال پہلے اسٹریس فریکچر ہوا تھا، لیکن یہ ایسی چیز ہے جو میرے جسم کا حصہ رہے گی، اس لیے مجھے اس کے ساتھ ہی جینا ہوگا۔ میں بس مکمل طور پر صحت یاب ہونے کی پوری کوشش کر رہا ہوں۔ ہم نے ایم آر آئی کروایا ہے، اور یہ بہت زیادہ سنگین نہیں ہے، لیکن سنگین ہو سکتا ہے، اسی لیے ہم کھیلنے سے پہلے سو فیصد فٹ ہونا چاہتے ہیں۔”












