بنگلور کے ایم چنا سوامی اسٹیڈیم میں نیدر لینڈس کے خلاف کھیلے گئے آخری لیگ میچ میں ہندوستان نے مقررہ50 اوور میں چار وکٹ پر 410 رن بنائے جس میں اسکے پہلے پانچ بلے باز پچاس سے زیادہ اسکور کرنے میں کامیاب رہے۔کپتان روہت شرما نے74 منٹ میں54 بالوں پر آٹھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے61رن بنانے میں کامیاب رہے۔ انکے ساتھی افتتاحی بلے باز شبھمن گل نے49 منٹ میں32 بالوں پر تین چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے51 رن بنائے تھے۔ تیسرے نمبر پر وراٹ کوہلی بلے بازی کرنے آئے تھے اور69 منٹ میں56 بالوں پر پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 51 رن بناکر آوٹ ہوئے تھے۔ شریاس ایر نے چوتھے نمبر پر بلے بازی کی تھی اور145 منٹ میں94 بالوں پر دس چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے128 رن بناکر ناٹ آوٹ واپس گئے تھے۔ پانچویں نمبت پر لوکیش راہول بلے بازی کرنے آٗے تھے اور98 منٹ میں64 بالوں پر11 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے102 رن بناکر آوٹ ہوئے تھے۔ انہو ں نے62 بالوں پر اپنی سنچری مکمل کی تھی جو ہندوستان کی جانب سے عالمی کپ میں سب سے تیز سنچری تھی۔
عالمی کپ میں ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے جب پہلے پانچ بلے باز پچاس سے بڑا اسکور کرنے کامیاب رہے۔ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں ایسا دوسری مرتبہ ہوا ہے اور دونوں مرتبہ آسڑیلیا نے ہندوستان کے خلاف کیا ہے۔
ہندوستان کے خلاف جے پور میں16 اکتوبر2013 کو کھیلے گئے میچ میں آسڑیلیا کے پہلے پانچ بلے باز نصف سنچریاں بنانے میں کامیاب ہوئے تھے۔ایرون فنچ اور فلپ ہیوز نے آسڑیلیا کی اننگ شروع کی تھی اور نصف سنچریاں بنائی تھیں۔ ایرون فنچ نے64 منٹ میں53 بالوں پر سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے50 رن بنائے تھے جبکہ فلپ ہیوز147 منٹ میں103 بالوں پر آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے83 رن بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ تیسرے نمبر پرشین واٹسن نے بلے بازی کی تھی اور60 منٹ میں53 بالوں پر چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 59 رن بنائے تھے۔ کپتان جارچ بیلی چوتھے نمبر پر بلے بازی کرنے آئے تھے اور79 منٹ میں50 بالوں پر آٹھ چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے92 رن بناکر ناٹ آوٹ رہے تھے۔ گلین میکسویل نے پانچویں نمبر پر بلے بازی کرتے ہوئے36 منٹ میں32 بالوں پر سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے53 رن بنائے تھے۔ آسڑیلیا نے مقررہ 50 اوور میں پانچ وکٹ پر 359 رن بنائے تھے مگر پھر بھی اسے شکست ہوئی تھی۔ ہندوستان نے43.3 اوور میں ایک وکٹ پر362 رن بناکر میچ نو وکٹ سے جیتا تھا۔
سڈنی میں29 نومبر2020 کو ہوئے میچ میں ہندوستان کے خلاف آسڑیلیا کے پہلے پانچ بلے باز پچاس سے بڑا اسکور کرنے میں کامیاب رہے تھے۔ اس مرتبہ آسٹریلیا نے ہندوستان کو51 رن سے شکست دی تھی۔ اس نے مقررہ 50 اوور میں چار وکٹ پر 389 رن بنائے تھے جس میں ڈیوڈ وارنر نے77 بالوں پر سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے83 رن، ایرون فنچ نے69 بالوں پر چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 60 رن،اسٹیون اسمتھ نے64بالوں پر 14 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے104 رن ، مارنس لبوشن61 بالوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے70 رن اور گلین میکسویل29 بالوں پر چار چوکوں اور اتنے ہی چھکوں کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر63 رن بنانے میں کامیاب رہے تھے۔
زمبابوے کے خلاف کراچی میں21 جنوری2008 کو ہوئے میچ میں پاکستان کی جانب سے پانچ بلے باز پچاس سے بڑا اسکور کرنے میں کامیاب رہے تھے مگراس میں اس کا ایک افتتاحی بلے باز ایسا کرنے میں ناکام رہا تھا۔ پاکستان نے مقررہ50 اوور میں پانچ وکٹ پر 347 رن بنائے تھے جس میں ناصر جمشید(61 رن) یونس خان (79 رن) محمد یوسف (72 رن)، شعیب ملک (63 رن) اور مصباح الحق (55 رن ناٹ آوٹ) نصف سنچریاں بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ زمبابوے نے مقررہ 50 اوور میں سات وکٹ پر243 رن بنائے تھے جسکی وجہ سے اسے104 رن سے شکست ہوئی تھی۔ فیصل فیچرس