نئی دہلی ،یکم اپریل،پریس ریلیز،ہمارا سماج:بزنس اینڈ ایمپلائمنٹ بیورو( بی ای بی ) نے آج سینٹر فار کریمنل انویسٹی گیشن اینڈ فورنسک سائنس سرٹیفکیٹ کورس کا آغاز کیا۔ساتھ ہی جامعہ ہمدرد میں فورنسک ٹیم نے ڈیمو بھی پیش کیا اور کئی طرح کے ٹیسٹ کا بھی مظاہرہ کیا۔ اس پانچویں بیچ کا افتتاح شیخ الجامعہ ڈاکٹر افشار عالم نے کیا ۔ اس دوران منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر افشار عالم نے کہاکہ یہ کور س بہت کارآمد ہے اس سے نہ صرف کرائم پر قابو پایا جاسکتا ہے بلکہ ٹریننگ کے بعد نوکری کے بھی بہت مواقع ہیں ،ڈی این اے فنگر پرنٹ ، فورنسک سائنس ، ایڈوائنس ٹیکنالوجی سے مجرموں تک پہنچا جاسکتا ہے ۔انھوںنے کہاکہ سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کیس میں ڈی این اے فنگر پرنٹ بہت مددگار ثابت ہوئے تھے۔ بی ای بی کے ایگزکٹیو سکریٹری شوکت مفتی نے تفصیل سے بتایا کہ گزشتہ سال اس تعلق سے ہم نے پلان بنایا تھا اور پھر سرٹیفکیٹ کورس شروع کیا گیا جو بہت معلومات پروگرام ہے۔ یہ پانچواں بیچ شرو ع ہونے جارہا ہے۔ آج لوگ اسکل کی بات کرتے ہیں مگر اسکل کے بارے میں حکیم عبدالحمید نے ۵۰ سال پہلے ہی سوچ لیا تھا اور بی ای بی کا قیام کر اس کا عملی جامہ پہنایا تھا ۔پروفیسر منجو جھگانی نے بھی اس پروگرام کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور طلبہ کا حوصلہ بڑھایا۔ فورنسک سائنس ایکسپرٹ تابش سروش نے کہاکہ یہاں ہم مسلسل اس طرح کے پروگرام کرتے آرہے ہیں تاکہ بے روزگار وں کو روزگار مل سکے۔ اس میدان میں نوکری کے بہت مواقع ہیں لیکن دوسرے ادارے بہت مہنگی فیس پر ٹریننگ دیتے ہیں جبکہ یہاں بہت سستے میں ٹریننگ دی جارہی ہے۔ ا ب ہم فورنسک سائنس میں ڈپلومہ پروگرام کی تیاری کررہے ہیں۔ اس دوران کئی ماہرین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا نیز شوکت مفتی سمیت کئی اہم شخصیات کو اعزاز سے بھی نوازا گیا۔